اتر پردیش: سابق وزیر دارا سنگھ چوہان نے سماج وادی پارٹی میں شمولیت اختیار کی

نئی دہلی، جنوری 16: اتر پردیش کے سابق وزیر اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایم ایل اے دارا سنگھ چوہان اتوار کو لکھنؤ میں سماج وادی پارٹی میں شامل ہو گئے۔

سوامی پرساد موریہ اور دھرم سنگھ سینی کے بعد وہ آدتیہ ناتھ کی زیرقیادت کابینہ کے تیسرے وزیر ہیں جنھوں نے پچھلے تین دنوں میں سماج وادی پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے۔

بی جے پی کے اتحادی اپنا دل (سونیلال) کے ایم ایل اے آر کے ورما نے بھی اتوار کو سماج وادی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے ورما اور چوہان کو اپنی پارٹی میں شامل کرنے کے بعد کہا ’’یہ دہلی اور لکھنؤ میں ڈبل انجن والی حکومت [مرکز اور ریاست میں بی جے پی کی حکومتوں] کے ساتھ لڑائی ہے۔‘‘

چوہان نے کہا کہ 2017 کے آخری اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے پسماندہ برادریوں کے لوگوں کے ووٹ حاصل کیے تھے، لیکن بدلے میں انھیں کچھ دینے میں ناکام رہی۔ انھوں نے کہا ’’لہذا پسماندہ برادریوں سے تعلق رکھنے والے تمام لوگ ایس پی کے پاس جا رہے ہیں۔‘‘

چوہان نے بدھ کو ریاستی کابینہ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

جمعہ کو بی جے پی اور بہوجن سماج پارٹی کے کئی لیڈران بشمول سابق وزراء موریہ اور سینی نے سماج وادی پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی۔

منگل کو آدتیہ ناتھ کی کابینہ سے وزیر محنت موریہ کے اخراج نے بی جے پی سے لیڈروں کا اخراج شروع کر دیا تھا، جس میں تین دنوں میں دس لیڈروں نے پارٹی چھوڑ دی تھی۔

403 رکنی اتر پردیش اسمبلی کے لیے 10 فروری سے سات مرحلوں میں انتخابات ہوں گے۔ نتائج کا اعلان 10 مارچ کو کیا جائے گا۔