یوپی:بی جے پی کا غرور چکنا چور ،ایودھیا میں بھی شکست فاش

ایودھیا میں بی جے پی کے امیدوار للو سنگھ کو سماج وادی پارٹی کے امیدوار اودھیش پرساد نے بری طرح ہرایا،امیٹھی میں اسمرتی ایرانی کی شکست فاش

نئی دہلی ،04 جون:۔

لوک سبھا انتخابات 2024 کے نتائج منظر عام پر آ گئے ہیں ۔اس بار کے نتائج نے سب کو حیران کر دیا ہے تمام ایگزٹ پول بوگس ثابت ہوئے اور بی جے پی کا خواب اور دعویٰ بھی چکنا چور ہو گیا ہے۔ لوک سبھا کے الیکشن میں اتر پردیش پارلیمانی حلقے خاص اہمیت رکھتے ہیں ،اتر پردیش کی سیٹیں ہی دہلی کی سیٹ اور حکومت طے کرتی ہے لیکن اس بار بی جے پی کو اپنے دعوووں کے بر عکس اتر پردیش میں منہ کی کھانی پڑی اور 80 سیٹوں میں سے 70 سیٹوں پر جیت کا دعویٰ کرنے والی بی جے پی مشکل آدھی سیٹیں جیتنے میں کامیاب ہو سکی ہے جبکہ سماج وادی پارٹی اور کانگریس کے اتحاد نے 40 سیٹوں کا اعداد شمار حاصل کر نے میں کامیابی حاصل کی ہے۔خاص طور پر ایودھیا اور امیٹھی جیسی وی آئی پی سیٹ پر بی جے پی کو منہ کی کھانی پڑی ہے۔جہاں امیٹھی میں اسمرتی ایرانی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا وہیں ایودھیا کی وی آئی پی سیٹ مانی جانے والی بی جے پی کے ہاتھ سے نکل گئی ہے۔ ایودھیا کی سیٹ اس لئے اہم ہے کیونکہ بی جے پی نے جس اہم مدعوں کو لے کر عوام کے درمیان گئی تھی ان میں ایودھیا میں تعمیر رام مندر ایک اہم مدعا تھا اور وزیر اعظم اور بی جے پی کے رہنماؤں نے پورے ملک میں رام مندر کے نام پر ہندو اکثریت کو یکجا کرنے اور بی جے پی کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کی تھی بلکہ بی جے پی نے جو رام کو لائے ہیں ہم ان کو لائیں گے گانے کے ذریعہ پورے ملک میں تشہیر کی لیکن ایودھیا میں بی جے پی کو شکست فاش ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ضلع اجودھیا میں فیض آباد پارلیمانی حلقے سے بی جے پی امیدوار کو شکست فاش کا سامنا کرنا پڑا۔ ضلع کے فیض آباد پارلیمانی حلقے سے بی جے پی کے سینئر لیڈر و ایم پی امیدوار للوسنگھ کو سماج وادی پارٹی(ایس پی) کے امیدوار اور ایم ایل اے اودھیش پرساد نے 56 ہزار ووٹوں سے ہرایا ہے۔خیال رہے کہ یہ وہی للو سنگھ ہیں جنہوں نے بیان دیا تھا کہ بی جے پی کو چار سو پار سیٹیں چاہئے تاکہ آئین کو تبدیل کرنا ہے ۔

اسی طرح امیٹھی میں بھی  مرکزی وزیر اسمریتی ایرانی کو کانگریس کے امیدوار کشوری لال نے زبر دست طریقے سے شکست فاش دی ہے۔ اسی طرح رائے بریلی میں بھی راہل گاندھی تین لاکھ سے زائد ووٹوں  سے جیت حاصل کی ہے۔ایودھیا میں اور امیٹھی میں بی جے پی کی شکست نے در اصل بی جے پی کا غرورچکنا چور کر دیاہے۔

ایس پی کی کارکردگی بہتر ہوئی

سماج وادی پارٹی اتر پردیش میں تقریباً 35  سے زائد سیٹیں جیتتی نظر آرہی ہے۔ ابھی حتمی نتائج نہیں آئے ہیں حکمراں بی جے پی کو بھی تقریباً 35 سیٹیں ملنے کے امکانات ہیں۔ رجحانات ظاہر کرتے ہیں کہ دونوں جماعتوں کے درمیان نشستوں کا فرق پانچ سے کم ہو سکتا ہے اگر رجحانات کو نتائج میں تبدیل کیا جائے تو یہ کہا جائے گا کہ اتحاد سے ایس پی اور کانگریس کو فائدہ ہوا۔ دونوں پارٹیوں نے ووٹ بھی ایک دوسرے کو منتقل کئے۔ ان نتائج کے بعد اتر پردیش میں اپوزیشن میں نیا اعتماد پیدا ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی اپوزیشن ریاستی حکومت کی پالیسیوں اور فیصلوں کے خلاف مزید جارح ہو جائے گی۔