اگر مانگ میں اضافہ ہوتا ہے تو منریگا کے بجٹ میں اضافہ کیا جائے گا، مرکزی وزیر نے کہا

نئی دہلی، فروری 4: اکنامک ٹائمز کی خبر کے مطابق مرکزی دیہی ترقی کے وزیر گری راج سنگھ نے جمعہ کو کہا کہ مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی اسکیم (منریگا) کے لیے مختص رقم میں اضافہ کیا جائے گا۔

سنگھ نے کہا ’’منریگا مانگ پر مبنی اسکیم ہے اور اگر مانگ بڑھتی ہے تو ہم مختص بجٹ میں اضافہ کریں گے۔ یہ بجٹ کا تخمینہ ہے اور اگر آپ پچھلے سالوں کا نظرثانی شدہ تخمینہ دیکھیں تو ہم نے ہمیشہ مختص رقم میں اضافہ کیا ہے۔‘‘

بدھ کو اعلان کردہ بجٹ میں منریگا کے لیے مختص رقم کو گھٹا کر 60,000 کروڑ روپے کردیا گیا ہے، جو حکومت کے پچھلے چار بجٹ میں سب سے کم ہے۔

یہ اسکیم 2005 میں کانگریس کی قیادت میں متحدہ ترقی پسند اتحاد نے متعارف کرائی تھی اور اس کا مقصد دیہی علاقوں میں رہنے والے گھرانوں کی روزی روٹی کی حفاظت کو بڑھانا تھا۔

کانگریس سمیت کارکنوں اور اپوزیشن کی طرف سے اس میں کمی کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا، جنھوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی پر ’’غریب مخالف‘‘ اور ’’مزدور مخالف‘‘ ہونے کا الزام لگایا۔

تاہم جمعہ کو سنگھ نے دعوی کیا کہ اپوزیشن اس معاملے کو اٹھا کر محض ’’ڈرامہ کر رہی ہے۔‘‘