مختصر مختصر: کووڈ کے معاملات میں اضافے کے ساتھ ہی متعدد ریاستوں میں تازہ پابندیاں عائد کی گئیں، دیگر اہم خبریں
- دہلی اور ممبئی میں ایک ہفتے میں کووڈ 19 کے نئے کیسز دگنے سے بھی زیادہ: جمعہ کے روز دہلی میں ایک دن میں کیسز کی تعداد 16 جون کے بعد سب سے زیادہ تھی، جب کہ ممبئی میں یہ 6 اکتوبر کے بعد سب سے زیادہ تھی۔ دریں اثنا مہاراشٹر، اتر پردیش اور ہریانہ کی حکومتوں نے رات کا کرفیو اور دیگر پابندیاں عائد کر دیں۔ ایک پریس کانفرنس میں وزارت صحت نے شہریوں کو خبردار کیا کہ وہ کورونا وائرس کے خلاف اپنی حفاظت کو کم نہ کریں، کیوں کہ دنیا میں اومیکرون کے پھیلاؤ کے درمیان انفیکشنز میں ایک تازہ اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
- پنجاب کے وزیر اعلی کے یہ کہنے کے بعد کہ توہین کا کوئی ثبوت نہیں، کپورتھلا لنچنگ کیس میں قتل کے الزام میں گرودوارہ کے نگراں کو گرفتار کیا گیا: نگراں امرجیت سنگھ کے علاوہ تقریباً 100 نامعلوم افراد کو بھی اس کیس میں شامل کیا گیا ہے۔
- راجستھان کے جیسلمیر ضلع میں مگ 21 کے حادثے میں فضائیہ کے پائلٹ کی موت: ونگ کمانڈر ہرشیت سنہا جمعہ کی شام 8.30 بجے کے قریب تربیتی اڑان کے دوران حادثے میں ہلاک ہوگئے۔
- اتراکھنڈ پولیس نے ہریدوار تقریب میں نفرت انگیز تقاریر کرنے پر ایک شخص کے خلاف ایف آئی آر درج کی: پولیس نے کہا کہ ایف آئی آر میں ’’دوسروں‘‘ کا بھی ذکر کیا گیا ہے اور مزید نام بعد میں شامل کیے جائیں گے۔ ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔
- دسمبر 2022 تک H-1B اور دیگر ویزوں کے لیے ذاتی طور پر کوئی انٹرویو نہیں ہوگا، کیوں کہ امریکہ نے قوانین میں تبدیلی کی ہے: امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ کورونا وائرس وبائی مرض کے نتیجے میں ’’محکمہ کی ویزا پروسیسنگ کی صلاحیت میں گہری کمی واقع ہوئی ہے۔‘‘
- الیکشن کمیشن کے سربراہ کا کہنا ہے کہ اگلے ہفتے یوپی کے دورے کے بعد اسمبلی انتخابات کرانے کا فیصلہ کریں گے: الہ آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن سے درخواست کی ہے کہ وہ کورونا وائرس کے اومیکرون قسم کے پھیلاؤ کے پیش نظر انتخابات ملتوی کرے۔
- مدھیہ پردیش اسمبلی میں مظاہرین سے املاک کے نقصانات کی وصولی کا بل بغیر بحث کے پاس: اگر گورنر نے بل کو منظوری دے دی تو مدھیہ پردیش اتر پردیش اور ہریانہ کے بعد بی جے پی کی حکومت والی تیسری ریاست بن جائے گا جو اس طرح کا قانون بنائے گی۔