سپریم کورٹ کلاس 10 اور 12 کے آف لائن امتحانات کو منسوخ کرنے کی درخواست کی سماعت کے لیے راضی

نئی دہلی، فروری 22: این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق سپریم کورٹ نے سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن اور اس سال دیگر بورڈز کی طرف سے کلاس 10 اور 12 کے فزیکل بورڈ امتحانات کو منسوخ کرنے کی درخواست پر سماعت کرنے پر اتفاق کیا۔

لائیو لاء کے مطابق بدھ کو جسٹس اے ایم کھانولکر کی قیادت والی بنچ اس درخواست کی سماعت کرے گی۔

مختلف ریاستوں کے کلاس 10 اور 12 کے طلبا کی طرف سے دائر درخواست میں سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن، انڈین سرٹیفکیٹ آف سیکنڈری ایجوکیشن اور ملک بھر کے مختلف ریاستی بورڈز کے فزیکل امتحانات کے انعقاد کو چیلنج کیا گیا ہے۔

ایڈوکیٹ پرشانت پدمنابھن، جو درخواست گزار انوبا سریواستو سہائے کی طرف سے پیش ہوئے، نے کہا کہ کووڈ 19 وبائی امراض کے دوران فزیکل کلاسز کا انعقاد نہیں کیا گیا تھا۔ دی ہندو کے مطابق انھوں نے کہا کہ وبائی صورت حال میں بہتری کے باوجود کیسز میں اضافے کے خطرے کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

عرضی میں تعلیمی بورڈز کے لیے ہدایت مانگی گئی ہے کہ وہ آف لائن امتحانات کے انعقاد کے بجائے امتحان کے دیگر طریقے وضع کریں۔

10 فروری کو سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن نے اعلان کیا تھا کہ وہ 26 اپریل سے 10ویں اور 12ویں جماعت کے امتحانات آف لائن موڈ میں منعقد کرے گا۔