سری لنکا میں 20 جولائی کو ہونے والے صدارتی انتخابات سے قبل ایمرجنسی نافذ

نئی دہلی، جولائی 18: نیوز وائر کی خبر کے مطابق سری لنکا نے پیر کو ملک میں 20 جولائی کو ہونے والے صدارتی انتخابات سے قبل ہنگامی حالت کا اعلان کیا ہے۔

ہنگامی حالت کے ضوابط کے تحت سیکیورٹی فورسز کو کسی بھی احاطے کی تلاشی لینے، رہائشیوں کو گرفتار کرنے اور ہتھیار ضبط کرنے کا اختیار حاصل ہے۔نیوز وائر کی خبر کے مطابق سری لنکا نے پیر کو ملک میں 20 جولائی کو ہونے والے صدارتی انتخابات سے قبل ہنگامی حالت کا اعلان کیا ہے۔

ایک گزٹ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے ’’یہ [ایمرجنسی کا اعلان کرنا] مناسب ہے، لہذا ایسا کرنا عوامی تحفظ، امن عامہ کے تحفظ اور کمیونٹی کی زندگی کے لیے ضروری سامان اور خدمات کی دیکھ بھال کے لیے کیا گیا ہے۔‘‘

یہ نوٹیفکیشن قائم مقام صدر رانیل وکرما سنگھے کی طرف سے جاری کیا گیا ہے، جنھیں گزشتہ ہفتے گوتابایا راجا پکسے کے مستعفی ہونے کے بعد اس عہدے پر تعینات کیا گیا تھا۔

مظاہرین کئی مہینوں سے راجا پکسے کے استعفیٰ کا مطالبہ کر رہے تھے اور ان پر پیسہ چوری کرنے اور معیشت کو خراب کرنے کا الزام لگا رہے تھے۔

9 جولائی کو لاکھوں لوگوں کے اپنے گھر اور دفتر اور وکرما سنگھے کی سرکاری رہائش گاہ پر قبضہ کرنے کے بعد راجا پکسے نے 13 جولائی کو استعفیٰ دینے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔ تاہم استعفیٰ دینے سے چند گھنٹے قبل وہ مالدیپ فرار ہو گئے۔

اگلے دن راجا پکسے، ان کی اہلیہ آئیوما اور ان کے دو محافظ مالدیپ سے سنگاپور کے لیے روانہ ہوئے۔ وہاں سے راجا پکسے نے اپنا استعفی اسپیکر مہندا یاپا ابی وردینا کو ای میل کیا۔

معلوم ہو کہ سری لنکا کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر ختم ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے ایندھن، خوراک اور ادویات کی ضروری درآمدات محدود ہیں۔ ملک کی افراط زر کی شرح جون میں سال بہ سال 54.6 فیصد تک پہنچ گئی جب کہ خوراک کی افراط زر 80 فیصد تک پہنچ گئی۔

معاشی بدحالی کی وجہ سے سری لنکا اپریل میں اپنے 51 بلین ڈالر کے غیر ملکی قرضے سے نادہندہ ہوا۔ ملک اس وقت بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے بیل آؤٹ پیکج کے لیے بات چیت کر رہا ہے۔

اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ سری لنکا کے ایک چوتھائی سے زیادہ لوگ خوراک کی قلت کے خطرے سے دوچار ہیں۔ سری لنکا میڈیکل کونسل نے کہا ہے کہ ہسپتال کم سے کم وسائل کے ساتھ چل رہے ہیں کیوں کہ ملک اپنی طبی سامان کا 80 فیصد سے زیادہ درآمد کرتا ہے۔ اعلیٰ طبی ادارے نے یہ بھی متنبہ کیا کہ وہ احتجاج کی وجہ سے بڑے پیمانے پر ہونے والی ہلاکتوں کو برداشت نہیں کر سکے گا۔