سات وائس چانسلروں نے گورنر کے شو کاز نوٹس کو چیلنج کرتے ہوئے کیرالہ ہائی کورٹ کا رخ کیا
نئی دہلی، نومبر 2: اے این آئی کی خبر کے مطابق سات وائس چانسلروں نے بدھ کے روز گورنر عارف محمد خان کی طرف سے انھیں جاری کردہ وجہ بتاؤ نوٹس کے خلاف کیرالہ ہائی کورٹ کا رخ کیا ہے۔
23 اکتوبر کو عارف محمد خان نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے نو سرکاری یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کو اپنے استعفے جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔ تاہم ہائی کورٹ نے اگلے دن حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے کہا کہ وائس چانسلر اس وقت تک اپنے عہدوں پر برقرار رہ سکتے ہیں جب تک کہ گورنر، جو یونیورسٹیوں کے سابق چانسلر ہیں، شوکاز نوٹس کی بنیاد پر کوئی حکم جاری نہیں کرتے۔
24 اکتوبر کو خان نے کیرالہ یونیورسٹی، مہاتما گاندھی یونیورسٹی، کوچین یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، کیرالہ یونیورسٹی آف فشریز اینڈ اوشین اسٹڈیز، کننور یونیورسٹی، اے پی جے عبدالکلام ٹیکنالوجی یونیورسٹی، سری سنکراچاریہ یونیورسٹی آف سنسکرت، کالی کٹ یونیورسٹی اور تھونچاتھ ایزھوتھاچن ملیالم یونیورسٹی کے وائس چانسلرز کو نوٹس جاری کیا۔
خان نے نوٹسز میں الزام لگایا کہ وائس چانسلرز کی تقرری کے عمل میں یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کے اصولوں کی خلاف ورزی کی گئی ہے کیوں کہ انھیں ’’یا تو واحد نام والے پینل کے ذریعے مقرر کیا گیا تھا یا سرچ/سلیکشن کمیٹی نے غیر ماہر تعلیم کے ساتھ بطور رکن تجویز کیا تھا۔‘‘ انھوں نے انھیں ہدایت کی کہ وہ 3 نومبر تک بتائیں کہ ان کی تقرریوں کو غیر قانونی کیوں نہ قرار دیا جائے۔
ایک دن بعد خان نے دوبارہ اسی طرح کے شوکاز نوٹس سری نارائنا گرو اوپن یونیورسٹی اور کیرالہ یونیورسٹی آف ڈیجیٹل سائنسز، انوویشن اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلرز کو بھیجے۔
انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق بدھ کو اپنی درخواست میں وائس چانسلرز نے نوٹسز کو یہ کہتے ہوئے منسوخ کرنے کی کوشش کی کہ یہ غیر قانونی ہے۔ جسٹس دیوان رام چندرن آج اس عرضی پر غور کریں گے۔
خان نے 21 اکتوبر کو سپریم کورٹ کے ایک فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے وائس چانسلرز کو نوٹس جاری کیا تھا۔ فیصلے میں عدالت نے کہا تھا کہ وہ سرچ کمیٹی جس نے راجسری ایم ایس کو اے پی جے عبدالکلام ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی، ترواننت پورم کا وائس چانسلر مقرر کرنے کی سفارش کی تھی، یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کے اصولوں کی خلاف ورزی کرتی تھی۔
عدالت نے کہا کہ یونیورسٹی ایکٹ 2015 کے مطابق کمیٹی کو متفقہ طور پر تین افراد کو اس کردار کے لیے نامزد کرنا چاہیے لیکن اس نے صرف راجسری کے نام کی سفارش کی تھی۔ ججوں نے اس کی تقرری کو روک دیا تھا۔
23 اکتوبر کو نو وائس چانسلرز کو لکھے گئے خط میں خان نے دعویٰ کیا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کا اطلاق دیگر یونیورسٹیوں پر بھی ہوتا ہے۔