’’ملک کو نفرت اور فرقہ پرستی کی لعنت سے بچائیں‘‘: امیرِ جماعت اسلامی ہند کی عید کے موقع پر لوگوں سے اپیل
نئی دہلی، مئی 10: ’’ملک میں مساوات، بھائی چارے اور اتحاد‘‘ کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے جماعت اسلامی ہند (JIH) کے امیر سید سعادت اللہ حسینی نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ برادریوں کو متحد کریں، انھیں تقسیم نہ کریں اور ملک کو ’’نفرت اور فرقہ پرستی کی لعنت‘‘ سےبچائیں۔
امیرِ جماعت نے یہ تبصرے ہفتہ کو کانسٹی ٹیوشن کلب آف انڈیا میں منعقدہ عید ملن پروگرام میں کہے۔
اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ ’’لوگوں کو تقسیم کرنا اور ان میں نفرت پھیلانا کسی مذہب کا پیغام نہیں ہو سکتا‘‘ انھوں نے کہا کہ ’’تقسیم کینسر کے خلیوں کا فلسفہ ہے جو مسلسل تقسیم ہوتے ہیں اور اس وقت تک نہیں رکتے جب تک کہ وہ تقسیم کے ذریعے جسم کو تباہ نہ کر دیں۔‘‘
انھوں نے کہا کہ ایک بار جب کسی معاشرے میں لوگوں کو ان کی ذات، زبان، علاقے اور مذہب کی بنیاد پر تقسیم کرنے کا سلسلہ شروع ہو جائے تو یہ نہیں رکتا۔ یہ ملک کے ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس امتیازی سلوک کے سلسلے کو توڑنے کے لیے آگے آئے جو کہ عیدالفطر کا اصل پیغام ہے۔ اسی پیغام کے ساتھ ہم نے آپ کو یہاں اکٹھے ہونے کی دعوت دی ہے۔
جماعت اسلامی ہند کے زیر اہتمام منعقد اس پروگرام میں متعدد بین المذاہب اور کمیونٹی رہنماؤں، کارکنوں، سیاست دانوں، صحافیوں اور علما نے شرکت کی۔
امیر جماعت نے اپنے خطاب میں کہا ’’ہم سب ایک اللہ کے بندے ہیں۔ ہمارا خدا ایک ہی ہے۔ تمام انسان ایک ہی باپ اور ماں کی اولاد ہیں اور برابر ہیں۔ عیدالفطر اسلام کے اس بنیادی پیغام کی ترجمانی کرتا ہے۔ آج ہمارے ملک کو انسانی مساوات کے اس پیغام کی براہ راست ضرورت ہے۔‘‘
اس پروگرام میں پارٹی لائنوں کو پار کرتے ہوئے کئی سیاسی رہنما، مختلف مذاہب کے رہنما اور سرکردہ شخصیات، بشمول گوسوامی ششیل جی مہاراج (دھرم سنسد کے بانی)، سوامی لکشمی شنکر اچاریہ، رام کرشن مشن کے سوامی دیپ ناٹیہ، ڈاکٹر جان دیال، جنرل سکریٹری انڈیا کرسچن کونسل، فادر ایم ڈی تھامس، ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف پیس اینڈ ہارمنی، گرودوارہ پربندھک کمیٹی کے چیف ایڈوائزر مسٹر پرمجیت سنگھ چندھوک، انسانی حقوق کے کارکن روی نائر، سوراج ابھیان کے بانی رکن یوگیندر یادو، پروفیسر اپوروانند جھا، سینئر صحافی ڈاکٹر وید پرتاپ ویدک، جمعیت اہل حدیث کے صدر مولانا اصغر علی امام مہدی، آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے صدر نوید حامد، جمعیۃ علماء ہند کے سکریٹری مولانا نیاز احمد، سینئر صحافی ضیاءالسلام، سابق رکن پارلیمنٹ محمد ادیب، دہلی اقلیتی کمیشن کے سابق چیئرمین ڈاکٹر کمال فاروقی، انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر کے چیئرمین سراج الدین قریشی اور رکن اسمبلی کنور دانش وغیرہ نے شرکت کی۔
اپنے پیغام میں امیرِ جماعت نے مزید کہا ’’ہم سب کو، جو مختلف مذاہب پر یقین رکھتے ہیں، مختلف خطوں سے تعلق رکھتے ہیں اور مختلف زبانیں بولتے ہیں، ملک کو متحد رکھنے اور اسے نفرت اور فرقہ واریت کی لعنت سے بچانے کے بارے میں مل کر سوچنا چاہیے۔ خدا کرے کہ یہ عید ملک میں امن کا ذریعہ بنے۔‘‘