یوم جمہوریہ:کرتویہ پتھ پر ہندوستانی شان و ثقافت کا شاندار مظاہرہ
مصر کے صدر السیسی یوم جمہوریہ تقریبات کے مہمان خصوصی رہے،مصری فوج کا120 رکنی دستہ بھی یوم جمہوریہ میں پریڈ میں خاص طور پر شریک ہوا
نئی دہلی،26 جنوری :۔
ہندوستان آج 26 جنوری کو اپنا 74واں یوم جمہوریہ منا رہا ہے۔پورا ملک حب الوطنی کے رنگ میں رنگا ہوا نظر آ رہا ہے ۔مدارس سے لے کر اسکولوں تک اور دفاتر سے لے کر دکانوں تک ترنگے کا رنگ نظر آ رہا ہے۔یوم جمہوریہ کے موقع پر خاص تقریب کا اہتمام ملک کی راجدھانی دہلی میں ہوتا ہے جس پر ملک ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کی نگاہیں ہوتی ہیں۔در اصل دہلی میں لال قلعہ سے راشٹر پتی بھون تک رنگا رنگ نکلنے والی مختلف محکموں اور ریاستوں کی جھانکیاں لوگوں کی توجہ کا مرکز ہوتی ہیں۔ہر سال کے مقابل اس سال دہلی میں جو یوم جمہوریہ کی تقریبات کا انعقاد عمل میں آیا اس میں متعدد چیزیں پہلی مرتبہ تھیں۔
اس سال مصری صدر عبدالفتاح السیسی یوم جمہوریہ کی تقریبات کے مہمان خصوصی رہے اسی مناسبت سے اس بار نکلنے والے یوم جمہوریہ کی پریڈ میں مصری فوجی دستہ بھی شامل رہا ۔ پہلی بار یوم جمہوریہ کی پریڈ کرتویہ پتھ سے گزرا پہلے یہ جگہ راج پتھ کے نام سے مشہور تھی۔ لیکن اس بار حکومت ہند نے اس جگہ کو ترقی دے کرکرتویہ پتھ کا نام دیا ہے۔ اس لیے یوم جمہوریہ کی پریڈ راج پتھ پر نہیں بلکہ کرتویہ پتھ پر ہوئی۔
اس کے ساتھ ہی یہ پہلا موقع تھا جب وی وی آئی پیز یوم جمہوریہ کی پریڈ دیکھنے کے لیے پہلی لائن میں نہیں رہے بلکہ ان کی جگہ اس بار رکشہ چلانے والے، فٹ پاتھ والے دکاندار، کرتویہ پتھ بنانے والے مزدور اور ان کے رشتہ دار پہلی قطار میں بیٹھے نظر آئے ۔ حکومت ہند نے انہیں شرم جیوی کا نام دیا ہے۔ اس سے پہلے یوم جمہوریہ کی پریڈ کی پہلی قطار ہمیشہ وی وی آئی پیز کے لیے مختص ہوتی تھی، لیکن اس بار کارکنوں کو پہلی قطار میں جگہ دی گئی۔
اس کے ساتھ سینٹرل وسٹا پروجیکٹ میں کام کرنے والے مزدوروں کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔ اس بار یوم جمہوریہ پر خواتین کی طاقت کا مظاہرہ خاص طور پر نظر آیا۔ اسکواڈرن لیڈر سندھو ریڈی یوم جمہوریہ کی پریڈ کے لیے ہندوستانی فضائیہ کے مارچ کرنے والے دستے کی قیادت کرتی نظر آئیں۔ اس کے علاوہ بہت سے مارچنگ اسکواڈ ایسے شامل ہوئے جن میں صرف خواتین ہی تھیں ۔ خاص بات یہ ہے کہ یوم جمہوریہ کی پریڈ میں فوج کے علاوہ ڈی آر ڈی او اور سابق فوجیوں کی جھانکیاں بھی شامل کی گئیں۔پریڈ میں اگنیویر بھی شامل ہوئے ۔ اس سال مصر کے صدر کے ساتھ ان کے ملک کا مارچ کرنے والا 120 رکنی دستہ بھی یوم جمہوریہ کی تقریبات میں پریڈ میں خاص طور پر شریک رہا۔ اس کے ساتھ پہلی بار 105 ایم ایم دیسی بندوقوں کے ساتھ 25 پاؤنڈر توپوں کی بجائے 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ یہ ہندوستان کی خود انحصاری کی علامت بھی ہے۔ پریڈ کے لیے اپنی آخری سواری کے ساتھ، بحریہ کا IL-38 طیارہ تاریخ بن جائے گا۔ یہ بحری جاسوس طیارہ تقریباً 42 سالوں سے بحریہ کی خدمت کر رہا ہے۔ فلائی پاسٹ میں حصہ لینے والے 44 طیاروں میں نو رافیل جیٹ طیارے اور لائٹ اٹیک ہیلی کاپٹر شامل تھے۔پریڈ کے دوران سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔