راجستھان: عدالت نے جنید اور ناصر قتل کیس کے ملزم نکو سینی کو پولیس ریمانڈ پر بھیجا
جے پور،گروگرام،19فروری :۔
راجستھان میں جنید اور ناصر کے اغوا اورقتل کے معاملے میں بھرت پور کی ایک عدالت نے گرفتار رنکو سینی کو پانچ دن کے پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا۔ پولیس نے یہ اطلاع دی ۔دریں اثنا راجستھان کی وزیر مملکت برائے تعلیم زاہدہ خان کی قیادت میں ایک وفد نے اس معاملے میں وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت سے ملاقات کی۔ راجستھان کے بھرت پور ضلع کی پہاڑی تحصیل کے گھاٹمیکا گاؤں کے رہنے والے ناصر (25) اور جنید (35) کی لاشیں جمعرات کو بھیوانی کے لوہارو میں ایک جلی ہوئی گاڑی سے ملی تھیں۔
راجستھان پولس نے رنکو سینی کو گرفتار کیا ہے۔رنکو ان ملزمین میں سے ایک ہے جن پانچ ملزمین کا نام متاثرین کے لواحقین نے شکایت میں درج کرائی تھی۔ گوپال گڑھ کے اسٹیشن آفیسر رام نریش مینا نے کہا، "گرفتار ملزم رنکو سینی کو آج عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے اسے پانچ دن کے پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا گیا۔ ملزم سے مزید پوچھ گچھ کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ مقدمے میں دیگر ملزم کو تاحال گرفتار نہیں کیا گیا۔
دریں اثنا راجستھان کی وزیر زاہدہ خان نے اشوک گہلوت سے ملاقات کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ وزیر اعلیٰ نے تمام ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرنے کا یقین دلایا ہے۔ خان نے کہا، "لواحقین نے انصاف اور تمام ملزمان کی جلد گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے یقین دلایا ہے کہ ملزم کو گرفتار کیا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر ہریانہ سے تعاون طلب کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ہریانہ کے نوح ضلع کے فیروز پور جھرکا کے رہنے والے 32 سالہ سینی کو جمعہ کی رات پوچھ گچھ اور تکنیکی تجزیہ کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ ٹیکسی چلانے والے سینی کا تعلق گؤ رکشا گروپ سے ہے۔ اس سے قبل حکام نے ہر متاثرہ خاندان کو 20.5 لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان بھی کیا تھا۔ اس معاملے میں ایک اہم ملزم موہت یادو عرف مونو مانیسر ہے، جو بجرنگ دل کے گروگرام ضلع صدر اور ‘گورکشا دل’ کا رکن ہے۔