وزیر اعظم مودی کو اسرائیل کی فکر ہے لیکن منی پور کی کوئی فکر نہیں: راہل گاندھی
نئی دہلی، اکتوبر 17: جلد ہی اسمبلی انتخابات سے گزرنے والی ریاست میزورم میں ایک جلسے میں کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اسرائیل کے بارے میں فکر مند ہیں لیکن انھیں منی پور کی فکر نہیں۔
شمال مشرقی ریاست میزورم میں اسمبلی انتخابات 7 نومبر کو ہوں گے۔
میزورم کے ایزول میں راہل گاندھی نے کہا ’’میں منی پور گیا اور وہاں جو کچھ دیکھا اس پر یقین نہیں آیا۔ انھوں نے منی پور کے تصور کو تباہ کر دیا ہے، وہاں اب دو ریاستیں بن گئی ہیں۔ لوگ مر چکے ہیں اور عورتیں ماری گئی ہیں۔ میں یہ سمجھنے میں ناکام ہوں کہ وزیر اعظم نے منی پور کا دورہ کیوں نہیں کیا۔‘‘
وایاناڈ کے ایم پی نے کہا کہ قومی میڈیا بھی منی پور میں 3 مئی کو شروع ہونے والے تنازعہ سے زیادہ اسرائیل-حماس جنگ کو اہمیت دے رہا ہے۔
گاندھی نے کہا ’’منی پور مسائل کی صرف ایک علامت ہے۔ آپ پورے ہندوستان میں ایک جیسی (پریشان کن) علامات دیکھ سکتے ہیں۔‘‘
انھوں نے حکمران میزو نیشنل فرنٹ پر بھی تنقید کی کہ وہ ریاست میں ترقی لانے میں ناکام رہی اور ساتھ ہی ملازمتوں کی کمی بھی۔ گاندھی نے کہا کہ میزورم کے نوجوان منشیات کا استعمال کر رہے ہیں کیوں کہ ان کے پاس روزگار کے مواقع نہیں ہیں اور انھیں غیر یقینی مستقبل کا سامنا ہے۔
منی پور میں کوکی اور میتی برادریوں کے درمیان نسلی تنازعہ کے نتیجے میں مئی کے اوائل سے اب تک 200 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ تقریباً 60,000 افراد اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔