اپوزیشن کے اتحاد پر نریندر مودی نے کہا کہ تمام بدعنوان ایک جگہ اکٹھا ہو رہے ہیں
نئی دہلی، مارچ 29: وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو اپوزیشن جماعتوں کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تمام بدعنوان لوگ ایک جگہ اکٹھی ہو رہے ہیں۔
مودی کا یہ تبصرہ اس پیش رفت کے درمیان آیا ہے جس میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی کو لوک سبھا رکن پارلیمنٹ کے طور پر نااہل قرار دینے کے خلاف اپوزیشن کا اتحاد دیکھا گیا۔
اپوزیشن نے اڈانی گروپ کے خلاف اسٹاک میں ہیرا پھیری کے الزامات کی تحقیقات کے لیے مشترکہ احتجاج بھی کیا ہے، جب کہ 14 جماعتوں نے سپریم کورٹ میں یہ الزام لگایا ہے کہ مرکزی حکومت مرکزی ایجنسیوں کا غلط استعمال کر رہی ہے۔
منگل کو دہلی میں پارٹی ہیڈکوارٹر میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے الزام لگایا کہ اپوزیشن ملک کے اداروں کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ’’بھارت کو روکنے کے لیے آئینی اداروں پر حملہ کیا جا رہا ہے۔ جب ایجنسیاں کارروائی کرتی ہیں تو ان پر حملے ہوتے ہیں، عدالتوں میں سوالات اٹھائے جاتے ہیں، آج تمام کرپٹ لوگ ایک اسٹیج پر اکٹھے ہوتے دیکھے جا سکتے ہیں۔‘‘
مودی نے کانگریس کی قیادت والی متحدہ ترقی پسند اتحاد کی حکومت پر ملک میں بدعنوانی کو روکنے کے لیے کافی کام نہ کرنے کا بھی الزام لگایا۔
مودی نے کہا ’’منی لانڈرنگ کی روک تھام ایکٹ کے تحت کانگریس کے دور میں صرف 5000 کروڑ روپے ضبط کیے گئے تھے، لیکن بی جے پی کے دور میں ہم نے 1.10 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ ضبط کیے ہیں۔ پچھلے نو سالوں میں بی جے پی نے بدعنوانی کے خلاف مہم چلائی، جس نے بدعنوانوں کو بے چین کر دیا۔‘‘
5 مارچ کو حزب اختلاف کی آٹھ جماعتوں کے لیڈروں نے مودی کو خط لکھا تھا کہ تفتیشی ایجنسیوں کے غلط استعمال سے پتہ چلتا ہے کہ ’’ہم جمہوریت سے آمریت میں تبدیل ہو چکے ہیں۔‘‘
گزشتہ چند دنوں کے دوران اپوزیشن جماعتوں نے راہل گاندھی کی لوک سبھا رکن اسمبلی کے طور پر نااہلی کو ’’انتقام کی سیاست‘‘ قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف ایک ساتھ ریلی نکالی ہے۔