نپور شرما کو کولکاتا پولیس نے پیغمبر اسلام کے بارے میں اس کے توہین آمیز تبصرے پر تازہ سمن جاری کیا

نئی دہلی، جون 25: پی ٹی آئی کی خبر کے مطابق کولکاتا پولیس نے جمعرات کو بھارتیہ جنتا پارٹی کی معطل ترجمان نپور شرما کو تازہ سمن جاری کیا، جب ان کے خلاف گذشتہ ماہ پیغمبر اسلام کے بارے میں توہین آمیز تبصرے کرنے پر ایک اور شکایت درج کی گئی۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق کولکاتا کے ایمہرسٹ اسٹریٹ پولیس اسٹیشن نے شرما کو 25 جون کو تفتیش میں شامل ہونے کو کہا ہے۔

اس مہینے کے شروع میں نارکل ڈنگہ پولیس اسٹیشن نے اسے 20 جون تک حاضر ہونے کو کہا تھا۔ تاہم شرما نے سیکیورٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے پولیس سے اسے چار ہفتے کا وقت دینے کو کہا۔

جمعرات کو کولکاتا پولیس نے کہا کہ شرما کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں 10 شکایتیں درج کی گئی ہیں۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق مغربی بنگال کے دیگر حصوں میں بھی اس کے خلاف فرسٹ انفارمیشن رپورٹس درج کرائی گئی ہیں۔

26 مئی کو ٹائمز ناؤ ٹیلی ویژن چینل پر ایک مباحثے کے دوران پیغمبر کے بارے میں شرما کے تبصرے نے مغربی بنگال سمیت ہندوستان کے کئی حصوں میں مظاہروں کو جنم دیا تھا۔ پیر کو مغربی بنگال اسمبلی نے شرما کے تبصروں کے خلاف ایک قرارداد بھی منظور کی تھی۔

5 جون کو بی جے پی نے شرما کو معطل کر دیا اور نوین جندل کو کئی مسلم اکثریتی ممالک کے سفارتی ردعمل کے بعد پارٹی سے نکال دیا۔