ایڈیٹرز گلڈ نے نیوز چینلز کے ’’غیر ذمہ دارانہ طرز عمل‘‘ پر تشویش کا اظہار کیا
نئی دہلی، جون 8: ایڈیٹرز گلڈ آف انڈیا نے کچھ قومی نیوز چینلز کے ’’غیر ذمہ دارانہ طرز عمل‘‘ پر اپنی شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ہندوستان میں پیشہ ور صحافیوں کی اعلیٰ تنظیم، ای جی آئی ٹائمز ناؤ پر ایک ٹی وی مباحثے کے دوران بی جے پی کی نپور شرما کی طرف سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے خلاف توہین آمیز بیان کا حوالہ دے رہی تھی۔
ٹائمز ناؤ چینل کی اینکر نویکا کمار نے جس بحث کی اجازت دی اس کے نتیجے میں ہندوستانی مسلمانوں کے ساتھ ساتھ پوری دنیا کے مسلمانوں میں غم و غصہ پیدا ہوا، کیوں کہ یہ مسئلہ پیغمبر اسلام سے متعلق تھا۔ ایک درجن سے زیادہ مسلم ممالک، جن میں زیادہ تر عرب ممالک ہیں، نے بی جے پی لیڈر کے ریمارکس کی مذمت کی اور حکومت ہند سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا، کیوں کہ بی جے پی ہی اس وقت حکمران جماعت ہے۔
بدھ کو ایڈیٹرز گلڈ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’اس واقعے سے بچا جا سکتا تھا، جس سے ملک کو غیر ضروری شرمندگی ہوئی، اگر کچھ ٹی وی آؤٹ لیٹس سیکولرازم کے لیے ملک کی آئینی وابستگی کے ساتھ ساتھ صحافتی اخلاقیات اور ان رہنما اصولوں کو ذہن میں رکھتے جنھیں پریس کونسل آف انڈیا نے ایک غیر مستحکم صورت حال سے نمٹنے کے لیے جاری کیا ہے۔‘‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے ’’اس کے بجائے، ان میں سے کچھ چینلز جو ناظرین کی تعداد اور منافع میں اضافہ کرنے کے خواہش مند ہیں، بظاہر ریڈیو روانڈا کی اقدار سے متاثر نظر آتے ہیں جس کی آگ بھڑکانے والی نشریات افریقی قوم میں نسل کشی کا باعث بنیں۔‘‘
گلڈ نے براڈکاسٹر اور صحافتی اداروں سے سخت چوکسی کا مطالبہ بھی کیا تاکہ اس طرح کے واقعات کو روکا جا سکے۔
گلڈ نے مشورہ دیا کہ ’’میڈیا آئین اور قانون کو مضبوط بنانے کے لیے ہے اور اسے سراسر غیر ذمہ داری اور احتساب کی عدم موجودگی کے ذریعے کمزور نہیں کرنا ہے۔‘‘
نپور شرما کے تبصروں نے اتر پردیش کے کانپور میں ہنگامہ برپا کر دیا۔
ای جی آئی کے بیان پر اس کی صدر سیما مصطفیٰ، جنرل سکریٹری سنجے کپور اور خازن امرناتھ کے دستخط ہیں۔