نپور شرما کیس: نویکا کمار نے اپنے خلاف درج ایف آئی آرز کی منسوخی کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا

نئی دہلی، اگست 3: ٹائمز ناؤ ٹیلی ویژن چینل کی اینکر نویکا کمار نے منگل کو سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے کہ ان کے خلاف بھارتیہ جنتا پارٹی کی معطل ترجمان نوپور شرما کے پیغمبر محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے خلاف کیے گئے تبصروں سے متعلق کیس کے سلسلے میں فوجداری کارروائی کو منسوخ کیا جائے۔

نیوز لانڈری کے مطابق نویکا کمار کے خلاف مہاراشٹر، مغربی بنگال، دہلی اور جموں و کشمیر میں مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کے الزام میں متعدد فرسٹ انفارمیشن رپورٹس درج کی گئی ہیں۔

سپریم کورٹ کے سامنے اپنی عرضی میں نویکا نے مطالبہ کیا ہے کہ یا تو ان کے خلاف مختلف ریاستوں میں درج ایف آئی آر کو ختم کر دیا جائے، یا انھیں ایک ساتھ جوڑ کر ایک ریاست میں منتقل کر دیا جائے۔

پیغمبر اسلام کے بارے میں شرما کے تبصرے، جو 26 مئی کو ٹائمز ناؤ ٹیلی ویژن چینل پر ایک مباحثے کے دوران کیے گئے تھے، جون میں ملک کے کئی حصوں میں تشدد اور بدامنی کا باعث بنے تھے۔

27 مئی کو نیوز چینل نے شرما کے تبصروں سے خود کو الگ کر لیا تھا۔

ٹائمز ناؤ نے ایک ٹویٹ میں کہا ’’ہم اپنے مباحثے کے شرکا سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور ساتھی پینلسٹس کے خلاف غیر پارلیمانی زبان میں ملوث نہ ہونے کی تاکید کرتے ہیں۔‘‘

اس واقعے کے بعد ہندوستان کو کئی خلیجی ممالک کی طرف سے سفارتی غصے کا بھی سامنا کرنا پڑا۔