ناسا کا ارٹیمس- ون مون مشن ملتوی

نئی دہلی، اگست 30: امریکی خلائی ایجنسی ناسا نے چاند پر اپنے پائلٹ لیس خلائی لانچ سسٹم (ایس ایل ایس)مشن کو ملتوی کردیا۔ ارٹیمس-1 نے مشن کے آغاز کے لیے پوری تیاری کر رکھی تھی، لیکن لانچ سے چند گھنٹے قبل تکنیکی خرابی کی وجہ سے اسے ملتوی کرنا پڑا۔

ایجنسی کے میگا مون راکٹ اور انٹیگریٹیڈ اورین خلائی جہاز کو فلوریڈا کے کینیڈی اسپیس سینٹر سے کل صبح 8.33 بجے لانچ کیا جانا تھا۔ آخری لمحات میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے اسے ملتوی کر دیا گیا۔

ناسا نے  اس تعلق سے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ لانچ کی الٹی گنتی ہفتے کے روز شروع ہوگئی تھی  اور راکٹ کے مین اسٹیج کے نیچے چار آر ایس۔ 25 انجنوں میں سے ایک کو لانچ کے لیے مناسب درجہ حرارت کی حد تک لانے میں دشواریوں کی وجہ سے اسے بند کرناپڑا تھا۔

لانچ ملتوی ہونے سے متعلق ناسا نے اپنے ٹویٹ میں کہا”آرٹیمس-1 ”آج لانچ نہیں ہو گا کیونکہ ٹیم انجن کی خرابی کو ٹھیک کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔ ٹیمیں ڈیٹا اکٹھا کرنا جاری رکھیں گی اور آپ کو جلد ہی لانچ کی اگلی کوشش کے بارے میں مطلع کر دیا جائے گا”۔

ناسا کے مطابق اسپیس لانچ سسٹم راکٹ اور اورین خلائی جہاز بھیجنے کی اگلی تاریخ 02 ستمبر ہے۔ اس کی اگلی ونڈو پیر (05ستمبر) ہے۔

ناسا کے لیے یہ بلا پائلٹ لانچ ارٹیمس –ون مون پروگرام کا پہلا مشن ہے، جس کے بعد توقع ہے کہ 2025 میں ناسا اپنے تیسرے مشن میں خلابازوں کو چاند پر اتارے گا۔