ٹویٹر اب نہیں رہا مفت، تصدیق شدہ صارفین پر 8 امریکی ڈالر ادا کرنے کا بوجھ
ٹویٹرکے صارفین کو اب ہر ماہ 8 امریکی ڈالر ادا کرنا ہوگا؟ ایلون مسک نے ٹویٹ کرکے جانکاری دی ہے۔ ایلون مسک نے بلیوٹک اکاؤنٹ ہولڈرز سے فی ماہ 8امریکی ڈالر(660 روپے) چارج کرنےکااعلان کیا ہے حالانکہ انہوں نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ فیس ہر ملک میں الگ الگ ہوگی۔
نئی دہلی: گزشتہ دنوں ٹوئٹر خریدنے کے بعد دنیا کے امیر ترین شخص اور ٹوئٹر کمپنی کے مالک و سی ای او ایلون مسک اور ٹوئٹر ایک بار پھر سرخیوں میں ہیں۔ اس بار موضوع بحث ایسا ہے کہ اس کا تعلق ٹوئٹر کے صارفین سے ہے۔ جی ہاں، ایلون مسک نے اسے خریدنے کے بعد واضح کر دیا ہے کہ صارفین کو مستقبل میں ٹوئٹر استعمال کرنے پر چارج ادا کرنا پڑے گا۔ مسٹر مسک نے ٹویٹ کرکے یہ جانکاری دی۔ تاہم، انہوں نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ یہ اپنے عام صارفین کے لیے ہمیشہ کی طرح مفت رہے گا۔
ایلون مسک نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ’ٹوئٹر ہمیشہ کیزول یوزر(عام صارفین)کے لیے مفت رہے گا لیکن کمرشیل اور سرکاری صارفین کو اس کے لیےتھوڑی قیمت ادا کرنی پڑ ے گی کیوں کہ یہ وقت کا تقاضہ ہے۔
یادرہے کہ ٹوئٹر خریدنے کے بعد ایلون مسک نے اس کی انتظامیہ کو مکمل طور پر تبدیل کر دیا ہے۔ انہوں نے سب سے پہلے ٹوئٹر کے موجودہ سی ای او، پراگ اگروال اور پالیسی ہیڈ وجئے گڈے کو باہر کا راستہ دکھا دیا ہے۔ کئی میڈیا رپورٹس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایولن مسک کمپنی میں کئی بڑی تبدیلیاں کرنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ ایلون مسک کافی عرصے سے ٹوئٹر کو خریدنے کی کوشش کر رہے تھے لیکن ان کی بات نہیں بن پارہی تھی۔ کافی جدوجہد کے بعد ایلون مسک اور ٹویٹر کے درمیان 25 اپریل کو معاہدہ ہوا اور ٹیسلا کے سی ای او ،اس مائیکرو بلاگنگ سائٹ کو خریدنے میں کامیاب ہو گئے۔ انہوں نے ٹویٹر کو 44 بلین ڈالر میں خریدا ہے۔ اس ڈیل کے بعد یہ بحث تھی کہ ٹویٹر میں بہت کچھ بدل سکتا ہے۔ کمپنی بہت سی نئی پالیسیاں لا سکتی ہے۔
چوالیس ارب ڈالر کے عوض ٹوئٹر خریدنے اور کمپنی میں اعلیٰ عہدوں پر بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کرنے کے بعد ایلون مسک نے کہا کہ تصدیق شدہ صارف کا عندیہ دینے والے بلیو ٹک کے عوض پیسے وصول کرنے سے جعلی اور پریشان کن مواد کو شکست دی جاسکتی ہے۔
ٹوئٹر پر بلیو ٹک کسی صارف کے نام کے ساتھ لگا ہوتا ہے اور یہ عموماً معروف شخصیات یا مصدقہ اکاؤنٹس کو مفت میں دیا جاتا ہے۔ اور اس کے حصول کا طریقہ کار بھی موجود ہے۔تاہم ناقدین کا کہنا ہے کہ مسک کے اس فیصلے سے مصدقہ ذرائع کی جانچ میں مزید مشکلات پیداہوسکتی ہیں۔
ایلون مسک نے ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد اہم تبدیلیاں شروع کردی ہیں جس میں انہوں نے صارفین کے ویری فکیشن کے طریقہ کار کو مکمل طور پر جانچنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے ایلون مسک نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ ٹوئٹر صارفین کے ویری فکیشن کے طریقہ کار پر دوبارہ غور کرے گا، ویری فکیشن کے پورے عمل میں فوری طور پر تبدیلیاں کی جارہی ہیں۔