ممبئی پولیس کو 26/11 جیسے دہشت گردانہ حملے کی دھکمی والے پیغامات موصول ہوئے
نئی دہلی، اگست 20: ممبئی پولیس کو جمعہ کے روز دھمکی آمیز پیغامات موصول ہوئے جن میں 26 نومبر 2008 کو ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کی طرح حملوں کے بارے میں خبردار کیا گیا۔
پیغامات بھیجنے والے شخص نے کہا کہ 26/11 کے حملے کی یادوں کو تازہ کرنے کے لیے شہر میں جلد ہی ایک حملہ کیا جائے گا۔ یہ پیغامات ممبئی ٹریفک پولیس کے ہیلپ لائن نمبر پر بھیجے گئے۔
سٹی پولیس کمشنر وویک پھنسالکر نے ہفتہ کے روز دعویٰ کیا کہ پہلی نظر میں دھمکی کے پیغامات پاکستان کوڈ والے نمبر سے آئے ہیں۔
پھنسالکر نے کہا ’’ہم نے پیغامات کو سنجیدگی سے لیا ہے۔ دھمکی کے پیغامات کی تحقیقات کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ہم ساحلی سیکورٹی پر چوکس ہیں اور کوسٹ گارڈز کے ساتھ ہم آہنگی کر رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق 26 نومبر 2008 کو ممبئی پر حملہ کرنے والے دہشت گرد سمندری راستے سے شہر میں داخل ہوئے تھے اور کولابہ کے مچیمار نگر میں اترے تھے۔
پولیس نے حملے کے خطرے کو مسترد کر دیا ہے، تاہم پیغامات بھیجنے والے کا سراغ لگانے کے لیے تفتیش شروع کر دی ہے۔
پیغامات بھیجنے والے شخص نے مبینہ طور پر کہا ہے کہ وہ پاکستان سے ہے اور دعویٰ کیا کہ ہندوستان میں کچھ لوگ ہیں جو اس حملے کو انجام دینے میں اس کی مدد کر رہے ہیں۔
پھنسالکر نے کہا ’’پیغامات میں ممبئی کے لیے دہشت گردی کے خطرے کا ذکر ہے۔ پیغامات میں درج کچھ نمبروں کی تصدیق کی جا رہی ہے۔‘‘
مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے کہا کہ حکومت نے ان دھمکی آمیز پیغامات کو بہت سنجیدگی سے لیا ہے۔ فڑنویس نے، جو ریاست کے وزیر داخلہ بھی ہیں، کہا کہ ’’ایجنسیوں کو خطرے کے معاملے کی تحقیقات کے لیے تمام اقدامات سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔‘‘