شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں مودی-شہباز کی ملاقات کا امکان نہیں: پاکستان
نئی دہلی، ستمبر 14: ازبکستان کے سمرقند میں 15 اور16 ستمبر کو ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) چوٹی کانفرنس کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کے پاکستانی ہم منصب شہباز شریف کے درمیان ملاقات کا امکان نہیں ہے۔
ہمسایوں کے درمیان ایس سی اومیں ایک الگ میٹنگ کے سوال کاجواب دیتے ہوئے پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے پاکستانی اخبار ڈان کو بتایا، ’’ہندوستانی وزیراعظم کے ساتھ کسی بھی میٹگر کا تصورنہیں کیاگیا ہے۔”
ڈان اخبار سے رابطہ کرنے پربین الاقوامی نیوز ایجنسی کو ایک اہلکار نے بتایا کہ اگرچہ دونوں ممالک کے درمیان مختصر خیرسگالی پر مبنی ملاقات ممکن ہے لیکن وہ بات چیت نہیں کریں گے۔ عہدیدار نے کہا کہ کسی بھی فریق نے ملاقات کا مطالبہ نہیں کیا ہے۔
دفتر خارجہ نے ایک بیان میں تصدیق کی کہ مسٹر شریف ایس سی او کی کونسل آف ہیڈز آف سٹیٹ (سی ایچ ایس)کے 22ویں سالانہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔
قابل ذکر ہے کہ ایس سی او کی تشکیل 2001 میں کی گئی جوجنوبی اور وسطی ایشیا میں پھیلی ہوئی ایک بڑی بین علاقائی تنظیم ہے۔