خدا کا شکر ہے کہ ہم مسلمان ہیں

مذہب اسلام کی بہترین تعلیمات فطرت سلیمہ کے عین مطابق

0

سید آصف علی ندوی، ناندیڑ

ان دنوں ہمارے ملک کی ریاست اتر پردیش کے ضلع پریاگراج میں برادران وطن کا ایک مذہبی میلہ لگا ہوا ہے جس کو کمبھ کا میلہ کہا جاتا ہے، ہندوؤں کے عقیدے کے مطابق اس میلے کا مقصد گنگا جمنا اور سرسوتی جیسی دریاؤں میں اشنان (غسل) کرنا ہے جس سے ان کے سارے پاپ (گناہ) دھل جاتے ہیں اور انہیں مکتی (نجات) حاصل ہوتی ہے۔ یہ میلہ ہر بارہ سال میں چار مقامات الٰہ آباد، ہریدوار، اُجین اور ناسک میں منعقد ہوتا ہے۔
جب سے اس کمبھ کے میلے کا آغاز ہوا ہے سوشل میڈیا پر وہاں کی متعدد ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں جن میں عجیب عجیب مناظر دیکھنے میں آرہے ہیں۔ سادھو سنت اور مذہبی رہنما شرم و حیا اور فطرت کے اصولوں سے عاری عجیب و غریب حالتوں میں دکھائی دے رہے ہیں۔ کوئی بالکل الف ننگا ہے تو کوئی گندگی میں لیٹا ہوا ہے، کوئی گلے میں کھوپڑیوں کا ہار پہنا ہوا ہے تو کوئی آگ میں کود رہا ہے، کوئی فخر سے کہہ رہا ہے کہ اس نے 30 سالوں سے نہایا نہیں ہے، کسی کے ناخن ایک ایک بالشت تک بڑھے ہوئے ہیں، وہ کہتا ہے کہ اس نے اپنا وہ ہاتھ جس کے ناخن بڑے ہوئے ہیں گزشتہ کئی سالوں سے اوپر اٹھایا ہوا ہے کبھی اس کو نیچے کیا ہی نہیں اور اس سے بھی زیادہ تکلیف دہ اور حیرت انگیز بات یہ ہے کہ عوام ان لوگوں کے سامنے عقیدت سے بچھے جا رہے ہیں اور ان پر روپیوں کی برسات کر رہے ہیں۔ اس کے بر عکس ان سادھو سنتوں اور مذہبی رہنماؤں کا رویہ یہ ہے کہ جواب میں وہ ان عقیدت مندوں کو گالیاں دے رہے ہیں بلکہ ان کی پٹائی بھی کر رہے ہیں۔
انسانی وقار اور عزت و تکریم کو پامال کرنے والے یہ مناظر دیکھ کر فوراً امیر المومنین حضرت عمرؓ کا وہ تاریخی جملہ یاد آتا ہے جس میں انہوں نے فرمایا تھا : ’’اِنَّ اللہ قَد اَعَزَّنَا بِا لْاِسْلَامِ‘‘ اللہ تعالیٰ نے ہمیں جو کچھ عزت دی ہے وہ اسلام ہی کی بدولت دی ہے۔ ساتھ ہی یہ احساس بھی دل میں پیدا ہوتا ہے کہ جب انسان خدا کی ہدایت سے محروم ہو جاتا ہے تو وہ اپنی فطرت اور وقار کو کھو دیتا ہے۔ اللہ کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں قرآن و سنت کی روشنی عطا کی جو ہمیں عزت، شرافت اور پاکیزگی کا راستہ دکھاتی ہے۔ اسلام ہمیں ایسی تمام انسانیت سوز حرکات سے محفوظ رکھتا ہے۔ کیونکہ دینِ اسلام ایک مکمل ضابطۂ حیات ہے جو انسان کی فطری ضروریات، اس کی عزت و تکریم اور روحانی و جسمانی پاکیزگی کی حفاظت کرتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں دینِ فطرت پر پیدا کیا ہے جو نہ صرف انسان کو خدائے واحد کی عبادت کی دعوت دیتا ہے بلکہ ہر اس عمل سے روکتا ہے جو انسان کی عزت و شرافت کو داغ دار کر دے۔
اسلام کی تعلیمات یہ ہیں:
-1 انسان کی عزت و تکریم: اسلام انسان کو اشرف المخلوقات قرار دیتا ہے اور ہر انسان کی عزت کو اہمیت دیتا ہے۔ نیز، کسی بھی انسان کو خود کو ذلیل کرنے یا دوسروں کے سامنے جھکنے کی اجازت نہیں دیتا۔
-2 صفائی اور پاکیزگی: اسلام جسمانی اور روحانی پاکیزگی کا دین ہے۔ نماز، وضو، غسل اور صفائی کے دیگر احکامات انسان کو ہر وقت پاک و صاف اور باو قار رکھتے ہیں۔
-3 اللہ کے علاوہ کسی کے سامنے نہ جھکنا: اسلام انسان کو صرف ایک اللہ کے سامنے جھکنے کا حکم دیتا ہے اور دوسروں کی غلامی سے منع کرتا ہے۔
-4 اعتدال اور فطرت: اسلام ہر چیز میں اعتدال کا قائل ہے اور ایسے اعمال سے منع کرتا ہے جو انسانی فطرت کے خلاف ہوں۔
دعا ہے کہ اللہ ہمیں اپنے دین کی سچائی کو سمجھنے اور دوسروں تک پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے اور دنیا کو اسلام کے حقیقی پیغام سے روشناس کرانے کی توفیق ارزانی فرمائے۔ آمین
***

 

***

 


ہفت روزہ دعوت – شمارہ 02 فروری تا 08 فروری 2025