جموں و کشمیر انتظامیہ نے دفعہ 370 کی منسوخی کے خلاف بحث کرنے والے لیکچرار کی معطلی کا حکم واپس لیا
نئی دہلی، ستمبر 3: جموں و کشمیر انتظامیہ نے اتوار کو سیاسیات کے سینئر لیکچرار ظہور احمد بھٹ کی معطلی کو منسوخ کر دیا۔
بھٹ کو 25 اگست کو اس وقت معطل کر دیا گیا تھا جب وہ سپریم کورٹ میں پیش ہوئے اور جموں و کشمیر کو دی گئی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے خلاف درخواستوں کے ایک بیچ میں اپنی نمائندگی کی۔ انھوں نے عدالت کو بتایا تھا کہ 2019 میں جموں و کشمیر کو دو مرکزی زیر انتظام علاقوں میں تقسیم کرنے کا مرکز کا اقدام تعاون پر مبنی وفاقیت کے خلاف اور آئین کی خلاف ورزی ہے۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن نے ایک حکم نامے میں بھٹ کو ایک ’’مجرم افسر‘‘ قرار دیا تھا۔ آرڈر میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ انھوں نے جموں و کشمیر سول سروس ریگولیشنز، جموں و کشمیر گورنمنٹ ایمپلائز کنڈکٹ رولز کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر لیو رولز کی بھی خلاف ورزی کی ہے۔
ان کی معطلی کے بعد سینئر وکیل کپل سبل اور راجیو دھون نے 28 اگست کو سپریم کورٹ کے سامنے یہ معاملہ اٹھایا تھا۔
سبل نے یہ بھی عرض کیا تھا کہ معطلی کا حکم بھٹ کے سپریم کورٹ میں پیش ہونے کا حوالہ دیتا ہے۔ تاہم سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے دعویٰ کیا تھا کہ بھٹ کی معطلی کے سلسلے میں دیگر مسائل ہیں۔
اس کے بعد سپریم کورٹ نے مہتا اور اٹارنی جنرل آر وینکٹرمانی کو اس معاملے کو دیکھنے کی ہدایت دی تھی۔