جھارکھنڈ سیاسی بحران: ہیمنت سورین کی نااہلی پر الجھن کو واضح کریں، یو پی اے نے گورنر سے کہا

نئی دہلی، اگست 29: جھارکھنڈ میں حکمران یونائیٹڈ پروگریسو الائنس کے لیڈروں نے اتوار کو گورنر پر زور دیا کہ وہ ان قیاس آرائیوں کو ختم کریں کہ آیا وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کو اسمبلی سے ایم ایل اے کے طور پر نااہل قرار دے دیا جائے گا۔

جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے ایم ایل اے اور وزیر چمپائی سورین نے نامہ نگاروں کو بتایا ’’اگر الیکشن کمیشن کی طرف سے کوئی رپورٹ ہے تو گورنر کو اسے پبلک کرنا چاہیے اور اپنے فیصلے کا اعلان کرنا چاہیے۔ الجھن کی وجہ سے ترقیاتی کاموں میں رکاوٹیں پڑ رہی ہیں۔‘‘

پی ٹی آئی کے مطابق جھارکھنڈ مکتی مورچہ، کانگریس اور راشٹریہ جنتا دل کے رہنماؤں نے اتوار کی شام کو ایک میٹنگ کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ انھوں نے ان خدشات کا اظہار کیا کہ گورنر کے فیصلے میں تاخیر سے ایم ایل ایز کا شکار ہو سکتا ہے۔

گذشتہ ہفتے سے جھارکھنڈ میں سیاسی بحران منڈلا رہا ہے، جب جمعرات کو ان رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ الیکشن کمیشن نے سورین کو ایک ایم ایل اے کے طور پر نااہل قرار دینے کا مشورہ دیا ہے کیوں کہ وہ ایک دفتری منافع کے معاملے میں قصوروار ہیں۔ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے گورنر کو اپنے فیصلے کے بارے میں مہر بند لفافے میں آگاہ کیا تھا۔ تاہم سورین نے برقرار رکھا کہ انھیں نہ تو الیکشن کمیشن سے نہ ہی گورنر سے کوئی مواصلت موصول ہوئی ہے۔

اتوار کو حکمراں اتحاد نے کہا کہ اس معاملے پر فیصلہ نہ لے کر، گورنر ریاست کو بحران کی طرف دھکیل رہے ہیں۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بی جے پی مہاراشٹرا کی طرح یہاں بھی بغاوت کرانے کی کوشش کر سکتی ہے۔

پی ٹی آئی کے مطابق اتوار کو جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ’’ہم نے دیکھا ہے کہ مہاراشٹر اور دیگر ریاستوں میں گورنر کے عہدے کے وقار کو کس طرح مجروح کیا گیا۔ یہ بدقسمتی ہے. یہ بہت افسوسناک ہے کہ ریاست میں ایک بیرونی گینگ کام کر رہا ہے۔‘‘

81 رکنی جھارکھنڈ اسمبلی میں سورین کی قیادت والی جھارکھنڈ مکتی مورچہ 30 ایم ایل اے کے ساتھ سب سے بڑی پارٹی ہے۔ کانگریس کے پاس 18 قانون ساز ہیں، جب کہ راشٹریہ جنتا دل کے پاس ایک ہے۔ مرکزی اپوزیشن بی جے پی کے ایوان میں 26 ایم ایل اے ہیں۔