ایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای نے خبردار کیا کہ ’اگر اسرائیل نے غزہ پر بمباری جاری رکھی تو مسلمانوں کو اس کے خلاف مزاحمت کرنے سے کوئی نہیں روک سکے گا‘
نئی دہلی، اکتوبر 18: ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے منگل کو خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل نے غزہ پر بمباری جاری رکھی تو دنیا بھر کے مسلمانوں اور ’’مزاحمتی قوتوں‘‘ کو کوئی نہیں روک سکے گا۔
ڈیلی میل نے ایران کے سرکاری ٹی وی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ’’اگر صیہونی (اسرائیلی) حکومت کے جرائم جاری رہے تو مسلمان اور مزاحمتی قوتیں بے صبری کا شکار ہو جائیں گی اور انھیں کوئی نہیں روک سکتا۔‘‘
خامنہ ای نے کہا کہ ’’صیہونی حکومت چاہے کچھ بھی کر لے، وہ اپنی ناکامی کی تلافی نہیں کر سکتی۔‘‘
یہ تبصرے حماس کے سابق سربراہ خالد مشعل کی طرف سے گذشتہ جمعے کو مسلم دنیا کو ’’یوم جہاد‘‘ کے لیے بلانے کے بعد سامنے آئے ہیں۔
خامنہ ای نے منگل کے روز مزید کہا کہ اسرائیلی حکام پر غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف کیے گئے جرائم کے لیے مقدمہ چلایا جانا چاہیے۔