ہندوستان دنیا بھر میں ویکسینیشن کی سب سے بڑی مہم چلا رہا ہے: وزیر اعظم مودی

نئی دہلی، مارچ 28: آج اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام ’’من کی بات‘‘ میں وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ہندوستان دنیا میں سب سے بڑی ویکسینیشن مہم چلا رہا ہے۔

انھوں نے کہا ’’پچھلے سال اس وقت جو سوال زیربحث تھا وہ یہ تھا… آخر کورونا کی ویکسین کب آئے گی؟ دوستو! یہ سب کے لیے اعزاز کی بات ہے کہ آج ہندوستان دنیا بھیر میں ویکسینیشن کا سب سے بڑا پروگرام چلا رہا ہے۔‘‘

آج ہندوستان نے 6 کروڑ سے زیادہ افراد کو ویکسین دینے کا کام پورا کیا۔ ملک میں اب تک 6،02،69،782 افراد کو ویکسین دی جاچکی ہے۔

وزیر اعلی نے کہا کہ ’’یوپی کے جونپور میں ایک 109 سالہ بوڑھی عورت نے ویکسین لیا۔ اسی طرح دہلی میں ایک 107 سال کے بوڑھے شخص نے ویکسین حاصل کیا۔ ہمیں لوگوں کو ’دوائی بھی، کڑائی بھی‘‘ کے لیے پرعزم بنانا ہے۔‘‘

اپنے خطاب میں مودی نے پچھلے سال مارچ میں جنتا کرفیو کے اعلان کے دوران ملک کے شہریوں کی ’’نظم و ضبط‘‘ ظاہر کرنے پر ان کی تعریف کی تھی۔ انھوں نے آج پھر کہا ’’میرے پیارے وطن عزیز کے لوگو! پچھلے سال مارچ کا یہی مہینہ تھا جب اس ملک نے اور اس عظیم ملک کے لوگوں نے پہلی بار ’’جنتا کرفیو‘‘ کی اصطلاح سنی تھی…جنتا کرفیو سے پوری دنیا کے لوگ حیرت زدہ ہوگئے تھے۔ وہ نظم و ضبط کی ایک بے مثال مثال تھی۔ آنے والی نسلیں یقیناً اس پر فخر محسوس کریں گی۔‘‘

واضح رہے کہ اگرچہ ہندوستانی لاک ڈاؤن کو دنیا میں سب سے زیادہ شدید سمجھا گیا، لیکن ہندوستان اس وقت متاثرین کی تعداد کے لحاظ سے دنیا کا تیسرا بدترین اور اموات کی تعداد کے لحاظ سے چوتھا بدترین ملک ہے۔

وزیر اعظم نے کرکٹر میتھالی راج اور بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’آج تعلیم سے لے کر انٹرپرینیورشپ، مسلح افواج سے سائنس اور ٹکنالوجی تک، ملک کی بیٹیاں ہر جگہ ایک الگ نشان بنا رہی ہیں۔ مجھے خاص طور پر خوشی ہے کہ بیٹیاں کھیلوں میں بھی اپنے لیے ایک نیا مقام بنا رہی ہیں۔ کھیل پیشہ ورانہ انتخاب میں ترجیحی انتخاب کے طور پر سامنے آرہا ہے۔‘‘

زراعت سے متعلق مودی نے کہا کہ اس شعبے میں جدید کاری وقت کی ضرورت تھی کیوں کہ ایسا کرنے میں وقت پہلے ہی ضائع ہوچکا ہے۔ زراعت کے شعبے میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے روایتی کاشتکاری کے ساتھ نئے متبادلات، نئی ایجادات کو اپنانا بھی اتنا ہی اہم ہے۔ انھوں نے کہا کہ کسانوں کی آمدنی میں اضافہ کرنے کے لیے ’’ملک نے سفید انقلاب کے دوران اس کا تجربہ کیا ہے۔‘‘

اس کے علاوہ مودی نے آنے والے تہواروں کے لیے بھی ملک کے لوگوں کو مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کیں۔