حیدرآباد میں جماعت اسلامی ہند کے آل انڈیا اجتماع ارکان کی تیاریاں

بہتر انتظامات کے لیے اعلیٰ ٹکنالوجی سے استفادہ ۔اجتماع گاہ میں خدا ترسی، ہمدردی اور قربت کا ماحول پیدا کیا جائے گا: عبدالجبار صدیقی

محمد مجیب الاعلیٰ

جماعت اسلامی ہند کا پانچواں کل ہند اجتماعِ ارکان 2024، تاریخی شہر حیدرآباد کے پرفضا مقام وادی ہدیٰ میں 15، 16 اور 17 نومبر کو منعقد ہونے جا رہا ہے جس کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ 37 ایکر پر محیط وادی ہدیٰ کے وسیع و عریض میدان پر 1996 اور 2015 میں جماعت اسلامی ہند کے دو کل ہند اجتماعِ ارکان منعقد ہوچکے ہیں۔ 2015 میں یہ اجتماع مولانا جلال الدین عمریؒ سابق امیر جماعت کی زیر صدارت منعقد ہوا تھا اور اب اسی مقام پر اس اجتماع کی صدارت جناب سید سعادت اللہ حسینی امیر جماعت اسلامی ہند کریں گے۔ ناظم اجتماع انجینئر عبدالجبار صدیقی رکن مرکزی مجلس شوریٰ نے نمائندہ دعوت کو بتایا کہ ملک کے حالات اور بدلتے ہوئے عالمی تناظر میں یہ اجتماع اہمیت کا حامل ہے جو انشاء اللہ العزیز کاروانِ حق کے ساتھیوں کو رُکے اور تھکے بغیر پورے جوش وخروش اور ولولہ کے ساتھ راہ عزیمت پر گامزن رہنے کے لیے تازہ دم کرے گا اور رفقائے جماعت اس اجتماع سے اپنے نظریہ کی طاقت کا ادراک، میدان عمل میں سرگرمی کا جذبہ، تحریکی سرگرمیوں کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے اپنے اپروچ اور کام کے طریقوں میں مناسب تبدیلی، رائے عامہ کو مثبت رخ دینے کا گُر اور تحریک اسلامی کو اپنے ماحول اور حالات سے ہم آہنگ کرنے کا لائحہ عمل لے کر جائیں گے۔ انجینئر عبدالجبار صدیقی نے بتایا کہ یہ اجتماع اس لحاظ سے بے حد اہم ہوگا کہ اس میں ملک کے کونے کونے سے وہ اولوالعزم افراد شریک ہو رہے ہیں جنہوں نے محض اللہ کی خوش نودی کی خاطر اس کے دین کی سر بلندی کو اپنی زندگی کا مقصد بنایا ہے۔ مقصد کی عظمت بلا شبہ اس اجتماع کو بھی عظیم بناتی ہے۔ لہٰذا اجتماع گاہ میں خدا ترسی، ہمدردی اور ایک دوسرے سے قربت و خیر خواہی کا ماحول بنا رہے گا اور ہم ایسا ماحول پیدا کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے اجتماع گاہ کا نقشہ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ خواتین کے لیے بالکل الگ پورشن بنایا جا رہا ہے۔ ان کی قیام گاہیں، طعام گاہیں، وضو گاہیں اور بیت الخلا کا نظم بالکل الگ ہوگا۔ خاتون ارکان کے ساتھ آنے والے محرموں اور بچوں کی ضروریات کا بھی خیال رکھا گیا ہے۔ والینٹروں کے بشمول اجتماع گاہ میں جملہ اٹھارہ ہزار افراد کے لیے نظم رہے گا ان میں نو ہزار ایسے ارکان شامل ہیں جو پہلی بار جماعت کے کسی کل ہند اجتماع میں شرکت کر رہے ہیں۔ آڈیٹوریم میں سبھی کے لیے کرسیوں کا نظم رہے گا اور الگ الگ زبانیں جاننے والوں کو ان کی مادری زبان میں ترجمہ سننے کی سہولت مہیا کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اجتماع کے نظم و انصرام کو معیاری بنانے کے لیے جہاں اعلیٰ ٹکنالوجی سے استفادہ کیا جا رہا ہے وہیں اپنے اپنے میدان کے ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ مثلاً آئی ٹی ماہرین کی مدد سے اجتماع ارکان کا ایک ایپلیکیشن بنایا گیا ہے جس کی وجہ سے ملک بھر سے آنے والے ارکان کے رجسٹریشن کا عمل نہایت آسانی اور سرعت کے ساتھ تقریباً پایہ تکمیل کو پہنچ چکا ہے۔ اس ایپ کے ذریعہ بزرگ اور بیمار ارکان نے اپنی ضروریات پلنگ، کموڈ اور وہیل چئیر وغیرہ سے مطلع کیا ہے جس کا انتظام کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح اجتماع گاہ اور قیام گاہوں میں داخلہ کے نظم کو کیو آر کوڈ سے مربوط کیا جا رہا ہے۔ اجتماع گاہ میں فری انٹرنیٹ سرویس اور موبائل فونوں کو چارج کرنے کی سہولت مہیا رہے گی۔ انہوں نے میدان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ جو آج خالی خالی نظر آ رہا ہے، تھوڑے ہی دنوں بعد اس کا نظارہ بالکل مختلف ہو گا۔ یہاں ایک عصری ساونڈ سسٹم سے لیس ایک وسیع آڈیٹوریم ہو گا۔ اس کے بائیں جانب خواتین کی قیام گاہیں، طعام گاہیں، نماز گاہ اور موبائل بیت الخلاوں کا نظم رہے گا۔ آڈیٹوریم کے پیچھے بھی خواتین کے کیمپ، بچوں/خواتین کے لیے پلے گراونڈ اور مرد حضرات کے کیمپس اور کچن ہوں گے۔ اسی طرح آڈیٹوریم کے دائیں جانب مرد ارکان کے لیے وضو گاہ، نماز گاہ، طہارت خانے اور قیام گاہیں ہوں گی۔ اجتماع گاہ کے ایک طرف واٹر فال کا ایک دلکش نظارہ بھی ہوگا۔ اس کے علاوہ باب الداخلہ کے پاس مختلف حلقوں کی منفرد و مثالی سرگرمیوں کو اجاگر کرنے کے لیے ایک نمائش لگی ہوگی اور کتب و رسائل اور پسندیدہ اشیاء کی خریدی کے لیے ایک طرف مختلف اسٹالیں بھی آراستہ ہوں گی۔
ناظم اجتماع نے مزید بتایا کہ ملک کے الگ الگ حصوں سے آنے والے رفقاء کا ذوق و ذائقہ مختلف ہوتا ہے جسے مد نظر رکھتے ہوئے شمالی ہند، جنوبی ہند اور مشرقی و مغربی ہند سے تعلق رکھنے والے ارکان جماعت کے لیے الگ الگ کچن کا نظم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اجتماع کے انتظامات کے سلسلہ میں پچاس ڈیپارٹمنٹس کے ذمہ داروں نے اپنے کام کی مکمل منصوبہ بندی کرلی ہے اور متعلقہ ٹیموں کے ساتھ کاموں کو روبہ عمل لانے میں مصروف ہیں۔ ناظم اجتماع نے خوشی سے دمکتے ہوئے چہرے کے ساتھ بتایا کہ وہ اجتماع ارکان کی میزبانی کو اپنے لیے باعث اعزاز و افتخار سمجھتے ہیں اور حیدرآباد فرخندہ بنیاد پر ہمارے رفقا کے قدم پڑتے ہی وہ ان کے مہمان اور یہ ان کے میزبان ہوں گے۔
اس سوال پر کہ اخبار ہفت روزہ دعوت کے ذریعہ آپ اجتماع کے مندوبین کو کیا پیغام دینا چاہیں گے؟ انہوں نے کہا ’’میری خواہش ہے کہ ہمارے رفقا اس اجتماع میں آنے سے پہلے ابھی سے اپنا فکری و عملی احتساب کریں اور پوری ذہنی تیاری کے ساتھ اجتماع میں شریک ہوں۔ فکری سطح کو بلند کرنے کے لیے جہاں قرآن و سیرتِ انبیاء کا نئے زوایوں کے ساتھ مطالعہ مفید ہوگا وہیں اب تک آپ ’قوموں کا عروج و زوال‘ پڑھتے رہے ہیں، اب صرف قوموں کے عروج کے بارے میں پڑھیں۔ آپ ترکی کو پڑھیں، جاپان اور سنگاپور کو پڑھیں کہ کس طرح ان قوموں نے جو دوسری جنگ عظیم کے بعد تباہ ہوگئی تھیں، خود کو دوبارہ کھڑا کیا ہے۔ اسی طرح جس سماج میں آپ رہتے ہیں اور جس کو آپ بدلنا چاہتے ہیں، اس کے بارے میں اپنے فہم و ادراک اور معلومات میں اضافہ کریں اور جہاں تک عملی سطح میں اضافہ کا تعلق ہے یہ ہماری ناگزیر ضرورت ہے، اس کے لیے آپ لوگوں سے اپنے ربط و تعلق اور تعاون و تعامل میں اضافہ کریں۔ اجتماع میں آنے سے پہلے بڑی تعداد میں لوگوں ملاقاتیں کریں۔ انہیں بتائیں کہ ملک کے بہتر مستقبل کے تعلق سے آپ کیا سوچتے ہیں، آپ کے جذبات، امنگیں اور عزائم کیا ہیں۔ اس طرح کی تیاری کے ساتھ اجتماع میں اگر شریک ہوں تو آپ اس سے بھرپور استفادہ کر سکتے ہیں۔
***

 

***

 


ہفت روزہ دعوت – شمارہ 29 ستمبر تا 05 اکتوبر 2024