حیدرآباد: ایک کالج کی 42 طالبات مشتبہ گیس کے اخراج کے بعد اسپتال میں داخل
نئی دہلی، نومبر 19: دی ہندو کی خبر کے مطابق حیدرآباد کے ایک کالج کی 42 طالبات کو جمعہ کو مشتبہ گیس کے اخراج کی وجہ سے بیمار ہونے کے بعد ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔
طالبات کا تعلق کستوربا گاندھی جونیئر کالج فار ویمن سے ہے۔ سانس لینے میں دشواری کی شکایت کے بعد انھیں نرسنگ ہوم لے جایا گیا اور ان میں سے کچھ کو الٹیاں ہونے لگیں۔
کالج کے حکام نے اس بات کی تردید کی کہ احاطے سے کوئی گیس کا اخراج ہوا ہے، اور دعویٰ کیا کہ قریبی کچرے کے ڈھیر سے بدبو آنے کی وجہ سے طالبات بیمار ہو گئیں۔
مریڈپلی پولیس انسپکٹر نیتا جی نے کہا کہ 35 طالبات کو چھٹی دے دی گئی ہے، جب کہ سات کا علاج جاری ہے۔ انھوں نے کہا ’’کوئی نازک کیس نہیں تھا؛ ان میں سے اکثر اب ٹھیک ہیں۔‘‘
انسپکٹر نے کہا کہ حکام مشتبہ گیس کے اخراج کی وجہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بعد ازاں جمعہ کو پولیس نے کہا کہ بدبو کی وجہ آس پاس سے کچرا اٹھانا تھا۔ حکام نے بتایا کہ کچھ طالبات اسی وقت دوپہر کا کھانا کھا رہی تھیں۔
پولیس نے کہا ’’ابھی تک کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی اور تمام طالبات محفوظ ہیں۔‘‘