جی 20 رہنماؤں نے نئی دہلی کے اعلامیے کو اپنایا
نئی دہلی، ستمبر 10: G20 گروپ نے ہفتے کے روز نئی دہلی کے رہنماؤں کے اعلامیہ کو اپنایا، جس کے تحت رکن ممالک ’’مضبوط، پائیدار، متوازن اور جامع ترقی‘‘ کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
اگرچہ اعلامیہ میں تمام ریاستوں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ’’علاقائی حصول کی کوشش‘‘ کے لیے طاقت کے استعمال سے گریز کریں، لیکن اس میں یوکرین جنگ کے تناظر میں روس کا خاص طور پر ذکر نہیں کیا گیا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ اعلامیے کو اپنانے سے تاریخ رقم ہوئی ہے۔ انھوں نے کہا ’’اتفاق اور مثبت جذبے کے ساتھ متحد ہو کر ہم ایک بہتر، زیادہ خوش حال اور ہم آہنگ مستقبل کے لیے باہمی تعاون سے کام کرنے کا عہد کرتے ہیں۔ میں G20 کے تمام ساتھی ممبران کا ان کی حمایت اور تعاون کے لیے شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘‘
اس سے پہلے دن میں مودی نے اعلان کیا کہ G20 ممالک مشترکہ اعلامیہ پر اتفاق رائے پر پہنچ گئے ہیں۔
مودی نے جی 20 ممالک کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’کچھ اچھی خبریں آئی ہیں۔ ہماری ٹیم کی محنت اور آپ کے تعاون سے نئی دہلی G20 لیڈروں کے سربراہی اجلاس کے اعلامیہ پر اتفاق رائے پیدا ہوا ہے۔‘‘
اس کے بعد وزیر اعظم نے جی 20 کے رہنماؤں سے اس اعلامیے کو اپنانے کی درخواست کی۔
ہندوستان کی صدارت میں دو روزہ G20 سربراہی اجلاس ہفتہ کی صبح نئی دہلی میں شروع ہوا۔ اس سمٹ میں دنیا کی 19 بڑی معیشتوں اور یورپی یونین کے رہنما شریک ہیں۔