ہندستان میں نفرت، خوف اور تشدد پھیلایا جا رہا ہے : راہل گاندھی
نئی دہلی، نومبر 23: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے آج کہا کہ ملک میں نفرت، تشدد اور خوف پھیلایا جا رہا ہے اور بھارت جوڑو یاترا اسی کے خلاف ہے۔
مسٹرگاندھی کی یاترا آج مہاراشٹر سے مدھیہ پردیش کے برہان پور ضلع کے بودریلی میں داخل ہوئی ۔ اس دوران ریاستی کانگریس صدر کمل ناتھ اور دیگر لیڈروں نے مسٹر گاندھی کا استقبال کیا۔ قومی پرچم کی منتقلی کی تقریب بھی منعقد کی گئی۔
مسٹر گاندھی نے کہا کہ ملک میں نفرت، تشدد اور خوف کے ماحول کی وجہ سے کسان، مزدور اور نوجوان سبھی پریشان ہیں۔ ان لوگوں کےدلوں میں خوف پھیلایا جا رہا ہے۔ انہی باتوں کے خلاف کانگریس نے ‘بھارت جوڑو یاترا’ نکالنے کا فیصلہ کیا ہے جو کنیا کماری سے شروع ہوئی ہے اور اس کا اختتام جموں و کشمیر کے دارالحکومت سرینگر میں ہوگا۔
کانگریس کے سینئر لیڈر نے کہا کہ جب یاترا شروع ہوئی تھی تب اپوزیشن نے کہا تھا کہ یہ یاترا پیدل نہیں جا سکتی۔ لیکن ہم کنیا کماری سے مدھیہ پردیش تک پیدل چل کر آگئے ہیں اور یہاں 370 کلومیٹر کا فاصلہ طے کریں گے۔ ہم جموں و کشمیر تک پیدل جائیں گے اور سری نگر میں ترنگا لہرائیں گے۔ ہمیں ایسا کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔
مسٹر گاندھی ریاست میں 12 دنوں کے دوران تقریباً 380 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرکے چاردسمبر کو اگرمالوا ضلع سے راجستھان میں داخل ہوں گے۔ اس دوران مسٹر گاندھی برہان پور کے علاوہ کھرگون، کھنڈوا، اندور، اجین اور اگرمالوا اضلاع سے بھی روانہ ہوں گے۔ ،مسٹر گاندھی برہان پور ضلع کے بعد کھنڈوا ضلع کے جھیری جائیں گے۔ اگلے روز 24 تاریخ کو یاترا بورگاؤں سےکھرگون کے کھیرڈا تک جائے گی۔ 25 تاریخ کومسٹرگاندھی کھیرڈا سے مورٹکہ تک کا سفر کریں گے۔
اطلاعات کے مطابق مسٹر گاندھی صبح مہاراشٹر کے جلگاؤں جامود سے برہان پور ضلع کے بودریلی گاؤں پہنچے۔ وہاں بنجارہ رقص کے ذریعے مسٹر گاندھی کا استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر کانگریس رہنما اور کارکنان بھی موجود تھے۔
بعدازاں مسٹر گاندھی پد یاترا کی شکل میں بودریلی گاؤں سے بھی آگے بڑھ گئے اور یاترا صبح تقریباً 10 بجے کے قریب برہان پور ضلع کے جین آباد پھاٹا پر واقع سینٹ زیویئر انٹرنیشنل اسکول پہنچی ہے۔ یہیں یاترا کا ’’ڈے کیمپ‘‘ ہوگا ۔
اس یاترامیں شامل ہونے کے لئے کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا اور ان کے شوہر رابرٹ واڈرا بھی دیر رات برہان پور ضلع پہنچنے والی ہیں۔ پرینکا گاندھی پہلے اندور آئیں گی اور پھر سڑک کے راستےبرہان پور پہنچیں گی۔ وہ 24 اور 25 نومبر کو یاترا میں شامل ہونے کے بعد 26 نومبر کو واپس لوٹ جائیں گی۔
کانگریس کے ریاستی صدر کمل ناتھ، سابق وزیر اعلیٰ دگ وجئے سنگھ، ارون یادو، سریش پچوری اور کئی لیڈران و عہدیداران یہاں ڈیرہ ڈالے ہوئے ہیں۔
اس کے بعد26 نومبرہفتہ کے روزمسٹرگاندھی کی یاترا اندور ضلع میں داخل ہوگی۔ یہاں وہ ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی جائے پیدائش مہو جائیں گے۔ اگلے دن مسٹر گاندھی مہو سے اندور کا سفر کریں گے۔ 28 تاریخ کو یاترا کاآرام کا دن طے کیا گیا ہے۔ مسٹر گاندھی 29 تاریخ کواندور شہر سے سانور جائیں گے اور30 تاریخ کویاترا سانور سےاجین ضلع میں داخل ہوگی اور یکم دسمبر کو بھی اجین میں ہی رہے گی۔ 2 دسمبر کو یاترا کا آغازاجین کے جھالرا سےہوگا۔ یہاں سے مسٹر گاندھی آگر-مالوا کے کاسی بردیہ پہنچیں گے۔ 3 دسمبر کو مسٹر گاندھی اس ضلع کے مہودیا سے لالہکھیڈی تک کا سفر کریں گے جبکہ4 تاریخ کو یاترا لال کھیڑی سے راجستھان کے جھالاواڑ ضلع میں داخل ہوگی۔
خیال رہے کہ مسٹر گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا 7 ستمبر کو کنیا کماری سے شروع ہوئی ہے جو مختلف ریاستوں سے ہوتی ہوئی آج مدھیہ پردیش پہنچی ہے۔ وہ کل 150 دن کی یاتراکے بعد کشمیر تک جائیں گے۔ اس دوران کل 3570 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا جائے گا۔