گجرات: چور ہونے کے شبہ میں ہجوم نے دو تارکین وطن مزدوروں کو پیٹ پیٹ کر مار ڈالا

نئی دہلی، مارچ 22: گجرات میں دو تارکین وطن مزدوروں کو چور ہونے کے شبہ میں دو الگ الگ واقعات میں ہجوم نے ہلاک کر دیا۔

ایک 35 سالہ نیپالی شہری کو، جس کی شناخت کلمان گگن کے نام سے ہوئی ہے، اتوار کو احمد آباد ضلع کے چنگودر علاقے میں ایک ہجوم نے پیٹ پیٹ کر مار ڈالا۔ علاقے میں آوارہ کتوں نے اس کا پیچھا کرنا شروع کیا تو مقامی لوگوں نے سمجھا کہ وہ چور ہے۔ ہجوم نے جب اسے پکڑا تو گگن نے اپنی صورت حال بتانے کی کوشش کی لیکن مقامی زبان نہ جاننے کی وجہ سے وہ صحیح طریقے سے بات نہیں کر سکا۔

پولیس کو گگن کی لاش ایک نہر سے ملی جس کے بعد 10 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

ایک اور معاملے میں چھتیس گڑھ کے ایک مہاجر مزدور کو پیر کو گجرات کے کھیڑا ضلع کے محمد آباد تعلقہ کے سودھاونسول گاؤں میں ایک ہجوم نے پیٹ پیٹ کر مار ڈالا۔

متاثرہ رمیش کمار کھیراور کو احمد آباد سول اسپتال لے جایا گیا جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔

پیر کو نامعلوم افراد کے خلاف محمد آباد پولیس اسٹیشن میں پہلی اطلاع کی رپورٹ درج کی گئی۔ شکایت کنندہ منیش کمار سنگھ کو، جو بہار کا رہنے والا ہے اور سابرمتی میں ہائی اسپیڈ ریلوے ٹرمینل میں سپروائزر کے طور پر کام کرتا ہے، لاش کی شناخت کے لیے پولیس اسٹیشن سے کال موصول ہوئی تھی۔

سنگھ نے اپنی شکایت میں کہا ’’وہ تقریباً تین دن پہلے میرے پاس کام کے لیے آیا تھا، لیکن پھر کہا کہ وہ یہاں کام نہیں کرنا چاہتا اور اپنے آبائی وطن واپس جانا چاہتا ہے۔ وہ ایک دن پہلے صبح 10.30 بجے احمد آباد سے نکلا تھا۔‘‘

پولیس نے ابھی تک اس معاملے میں کوئی گرفتاری نہیں کی ہے۔

محمد آباد پولیس اسٹیشن کے ایک انسپکٹر ایم این پنچل نے انڈین ایکسپریس کو بتایا کہ ’’گاؤں والوں نے متوفی پر چور ہونے کا شبہ کیا اور اس کی پٹائی کی۔ اگرچہ وہ وہاں کیوں گیا اس کے بارے میں یقینی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ لیکن امکان ہے کہ وہ وہاں کام کی تلاش میں گیا ہو۔‘‘