’’بھارت کو اب کارروائی کی ضرورت ہے‘‘: 116 سابق بیوروکریٹس نے وزیر اعظم مودی کو خط لکھا، حکومت پر کی سخت تنقید

نئی دہلی، مئی 20: آل انڈیا اینڈ سنٹرل سروسز کے 116 سابق سرکاری ملازمین کے ایک گروپ نے کہا کہ نریندر مودی کی زیرقیادت حکومت اہم معاملات کو حل کرنے کے بجائے کوویڈ 19 بحران سے متعلق بیانیوں کو لے کر زیادہ فکر مند ہے۔

دستخط کنندگان نے ’’ہندوستان کو اب کارروائی کی ضرورت ہے‘‘ کے عنوان سے ایک خط میں کہا ’’یہاں تک کہ مختلف ریاستوں میں کی جانے والی جانچ کے مستند اعداد و شمار، مثبت واقعات کی تعداد، اسپتال میں داخل ہونے والے افراد کی تعداد اور اموات کے اعداد و شمار کو بھی عوامی سطح پر نہیں شیئر کیا گیا ہے۔‘‘

انھوں نے مزید کہا ’’اس سے مختلف ریاستوں میں ضروری طبی سہولیات کی مناسب فراہمی کے ساتھ ساتھ وبائی امراض کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے مختلف ریاستوں میں مناسب اقدامات وضع کرنے پر بھی سنگین مضمرات قائم ہوتے ہیں۔‘‘

اس گروپ نے وزیر اعظم اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے دیگر لیڈران کو بھی کوویڈ 19 کے معاملات میں اضافے کے دوران بڑی عوامی ریلیوں کے انعقاد کے لیے اس کے پھیلاؤ کا ذمہ دار ٹھہرایا۔

انھوں نے لکھا ’’اگرچہ چار ریاستوں اور ایک مرکزی علاقہ کی قانون ساز اسمبلیوں کے انتخابات کا انعقاد ناگزیر ہوسکتا ہے، لیکن آپ مسٹر وزیر اعظم اور آپ کی پارٹی کارکنوں نے مختلف ریاستوں میں زبردست عوامی ریلیوں کا انعقاد کرکے تمام احتیاطی تدابیر کو نظر انداز کیا۔ جب کہ آپ کی پارٹی کی محتاط انتخابی مہم دوسری سیاسی جماعتوں کے لیے ایک مثالی نمونہ ثابت ہوسکتی تھی۔‘‘

سابق بیوروکریٹس نے یہ بھی نشان زد کیا کہ اتراکھنڈ کے ہریدوار شہر میں منعقد ہونے والے کمبھ میلہ کے سبب بھی انفیکشن میں اضافہ ہوا ہے۔ سابق سرکاری ملازمین کے گروپ نے انتخابات اور تہوار کو ’’سپر اسپریڈر‘‘ واقعات قرار دیا۔

انھوں نے پی ایم کیئر فنڈ پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ’’پی ایم کیئر فنڈ اس وقت قائم کیا گیا جب پہلے سے ہی وزیر اعظم قومی ریلیف فنڈ موجود تھا۔ جمع شدہ فنڈز اور مختلف اشیا پر ہونے والے اخراجات کے بارے میں بھی کوئی انکشاف نہیں کیا گیا ہے۔‘‘

دستخط کنندگان نے تمام ہندوستانی شہریوں کو مفت ویکسین فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ انھوں نے ریاستوں کے ساتھ موثر ہم آہنگی پر بھی زور دیا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ ’’ملک کی تمام ریاستوں میں آکسیجن کی مناسب سہولیات، ضروری جان بچانے والی ادویات اور آلات اور اسپتال کے بیڈ موجود ہیں۔‘‘

دریں اثنا ملک بھر میں گذشتہ ایک دن میں 2،26،110 نئے کورونا وائرس کیسز ریکارڈ ہوئے ہیں۔ وہیں 3،874 اموات کے ساتھ ہلاکتوں کی تعداد 2,87,122 تک جاپہنچی ہے۔