کسان احتجاج: یوم آزادی کے موقع پر ہریانہ میں کسان ٹریکٹر ریلی نکالیں گے

نئی دہلی، جولائی 26: اے این آئی کی خبر کےمطابق ہریانہ کے جند ضلع میں کسان، مرکز کے تینوں نئے زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کے لیے یوم آزادی پر ٹریکٹر ریلی کا انعقاد کریں گے۔

کسان رہنما بجیندر سندھو نے خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ مظاہرین شہر میں جھانکیوں کی نمائش بھی کریں گے۔ سندھو نے مزید کہا ’’قومی پرچم اور کسان پرچم دونوں ٹریکٹروں پر لگائے جائیں گے۔‘‘

کسان رہنما نے مزید کہا کہ اس پروگرام سے قبل روٹ پلان ضلع کمشنر کو بھیجا جائے گا۔

سنگھ نے کہا کہ کسان یوم آزادی کے موقع پر بھارتیہ جنتا پارٹی کے کسی رہنما کو قومی پرچم لہرانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ مظاہرین بی جے پی کے رہنماؤں کو جند آنے سے نہیں روکیں گے، لیکن ان کے آنے پر کالے جھنڈے دکھائیں گے۔

ٹائمز ناؤ کے مطابق مظاہرین، مجاہدینِ آزادی کو بھی خراج تحسین پیش کریں گے۔ انھوں نے نیوز چینل کو بتایا کہ ان کی ریلی پرامن ہوگی۔

بھارتیہ کسان یونین کے ترجمان راکیش ٹکیت نے اس ٹریکٹر ریلی کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ اے این آئی کے مطابق انھوں نے کہا ’’ٹریکٹر ریلی نکالنا کوئی بری چیز نہیں ہے۔ جند کے لوگ انقلابی ہیں۔ انھوں نے 15 اگست کو ٹریکٹر ریلی نکالنے کا صحیح فیصلہ کیا ہے۔ میں نہیں جانتا کہ سمیکت کسان مورچہ کیا فیصلہ کرے گا۔‘‘

ٹکیت نے مزید کہا ’’قومی پرچم لگائے ہوئے ٹریکٹر ریلی کو دیکھ کر فخر کا احساس ہوگا۔ اس سے قوم پرستی کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔‘‘

دریں اثنا 22 جولائی سے کسان پارلیمنٹ میں مانسون اجلاس میں ہونے والی کارروائی کے متوازی ’’کسان سنسد‘‘ کا اہتمام کرتے ہوئے جنتر منتر میں 200 مظاہرین کے ساتھ احتجاج کر رہے ہیں۔