حکومت کی رائے سے مختلف نظریات کا اظہار بغاوت نہیں ہے: سپریم کورٹ

نئی دہلی، مارچ 3: سپریم کورٹ نے آج جموں و کشمیر کے رکن پارلیمنٹ فاروق عبداللہ کے خلاف دائر درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی رائے سے مختلف نظریات کے اظہار کو ’’ملک سے بغاوت‘‘ نہیں کہا جاسکتا۔

اعلی عدالت نے کہا ’’ان خیالات کا اظہار جو رائے عامہ سے متصادم ہیں اور حکومتی رائے سے مختلف ہیں، انھیں اشتعال انگیز نہیں قرار دیا جاسکتا۔‘‘

سپریم کورٹ نے کہا درخواست گزار اس الزام کو ثابت کرنے میں ناکام رہا ہے کہ فاروق عبداللہ نے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق آرٹیکل 370 پر ہندوستان کے خلاف چین اور پاکستان کی مدد طلب کی تھی، جسے اگست 2019 میں ختم کردیا گیا تھا۔

عدالت نے سخت نوٹس لیتے ہوئے درخواست گزار پر50،000 کا جرمانہ عائد کیا۔

نیشنل کانفرنس کے رہنما کے خلاف درخواست آرٹیکل 370 کے تحت جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے مرکز کے اقدام کے خلاف احتجاج کرنے والے ان کے تبصروں پر مبنی تھی۔