عید الفطر بنی نوع انسان کے لیے انصاف، امن اور بھائی چارے کا پیغام ہے: امیر جماعت اسلامی ہند

نئی دہلی، مئی 3: جماعت اسلامی ہند (جے آئی ایچ) کے امیر سید سعادت اللہ حسینی نے عید الفطر کے موقع پر تمام مسلمانوں، ملک میں رہنے والے تمام مردوں اور خواتین کو مبارکباد دی ہے۔ ملک میں عید کا تہوار منگل (3 مئی) کو منایا جائے گا۔

اپنے عید کے پیغام میں امیرِ جماعت نے کہا ’’عید الفطر اس حقیقت کا جشن ہے کہ اللہ تعالی نے انسانیت کے لیے ہدایت نازل کی اور انھیں کامیابی کی راہ پر گامزن کیا۔ رمضان المبارک قرآن کریم کا مہینہ ہے۔ اس مہینے کے دوران مسلمان کثرت سے قرآن کی تلاوت کرتے ہیں اور روزے کے ذریعے قرآن پر عمل کرنے کی صلاحیت پیدا کرتے ہیں۔‘‘

انھوں نے مزید کہا ’’رمضان کے آخر میں عید، قرآن کے پیغام اور مسلمانوں کی حیثیت (خدا کی طرف سے ان پر عائد کردہ ذمہ داری) کو یاد کرنے کا موقع ہے۔ اس موقع پر مسلمان ’’تکبیر‘‘ (اللہ اکبر) کے نعروں کے ذریعے یاد کرتے ہیں کہ ان کا اصل کام ایک خدا کی عظمت کا اعلان ہے اور یہ کہ (اس دنیا میں ہم سب) ایک ہی والدین کی اولاد ہیں۔ مسلمان مل کر خدا کے سامنے سجدہ کرتے ہیں اور اعلان کرتے ہیں کہ انسانیت کی (حقیقی) سربلندی اپنے خالق و مالک اور اس کی مرضی کے آگے سر تسلیم خم کرنا ہے۔ اس موقع پر مسلمان ’’صدقۂ فطر‘‘ کے ذریعے اپنی سماجی ذمہ داریوں کو یاد کرتے ہیں کہ معاشرے کے غریب اور کمزور طبقات کے تئیں بھی ان کی ذمہ داری ہے۔‘‘

امیرِ جماعت نے کہا ’’مسلمانوں کو ہر چہرے پر مسکراہٹ بکھیرنے کی کوشش کرنی چاہیے، ہر ایک کے غم اور پریشانیوں کو دور کرنا چاہیے اور خدا کے تمام بندوں کے لیے امن، انصاف، خوشی اور اطمینان کی تمنا کرنی چاہیے۔ یہی عید کا فلسفہ ہے۔ آئیے اس فلسفے کا مظہر بنیں۔‘‘

امیرِ جماعت نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ ’’ہم اپنے خالق کی عبادت کی طرف بلانے والے، اس کی مرضی کے تابع ہونے والے، انسانوں کے درمیان انصاف اور مساوات قائم کرنے والے اور تمام انسانوں کے لیے رحمت بننے والے بنیں۔‘‘

مختلف فرقوں اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے بھائیوں اور بہنوں کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے جناب حسینی نے ان پر زور دیا کہ وہ اس ملک میں امن و امان اور انصاف کا ماحول پیدا کرنے کے لیے مل کر کام کریں اور اصل مسائل کو حل کرنے کے لیے مل کر جدوجہد کریں۔