ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم Truth Social کے آغاز کا اعلان کیا

نئی دہلی، اکتوبر 21: نیوز ایجنسی اے پی کے مطابق سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز اپنا سوشل میڈیا پلیٹ فارم لانچ کرنے کے اپنے منصوبے کا اعلان کیا۔ ٹرمپ نے کہا کہ وہ اپنے Truth Social نامی پلیٹ فارم کے ذریعے ڈزنی+ اور سی این این جیسی بڑی ٹیک کمپنیوں کے ’’ظلم‘‘ کا مقابلہ کرنا چاہتے ہیں۔

جنوری میں فیس بک، انسٹاگرام اور ٹویٹر نے ٹرمپ کے اکاؤنٹس کو پالیسی کی خلاف ورزیوں کے لیے بلاک کر دیا تھا، جب ان کے حامیوں نے واشنگٹن ڈی سی میں کیپٹل بلڈنگ پر دھاوا بول دیا تھا اور پولیس کے ساتھ جھڑپ کی تھی۔

اے پی کے مطابق ٹرمپ نے بدھ کو ایک بیان میں کہا ’’ہم ایک ایسی دنیا میں رہتے ہیں جہاں طالبان کی ٹوئٹر پر بہت بڑی موجودگی ہے، پھر بھی آپ کے پسندیدہ امریکی صدر کو خاموش کر دیا گیا ہے۔ یہ ناقابل قبول ہے۔‘‘

خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ کا یہ پلیٹ فارم ’’ٹرمپ میڈیا اینڈ ٹیکنالوجی گروپ‘‘ کی ملکیت ہوگا۔ اسے ڈیجیٹل ورلڈ ایکویژن کارپوریشن کے ساتھ ضم کر کے ایک لسٹڈ کمپنی میں تبدیل کر دیا جائے گا۔

اے پی کے مطابق ڈیجیٹل ورلڈ ایکویژن کارپوریشن ایک بلینک چیک کمپنی ہے جو ایک پرائیویٹ کمپنی کے حصص کو زیادہ تیزی سے بڑھانے اور کم جانچ پڑتال کے لیے تیار کی گئی ہے۔

اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ کا یہ سوشل میڈیا ایپ، جو پہلے ہی ایپل کے ایپ اسٹور پر پری آرڈر کے لیے دستیاب ہے، اگلے مہینے ’’مدعو مہمانوں‘‘ کے لیے ایک ’’بیٹا ورژن‘‘ بھی لانچ کرے گا۔ ٹرمپ ایک ویڈیو آن ڈیمانڈ اسٹریمنگ سروس بھی لانچ کریں گے جس میں ’’نان ویک‘‘ تفریحی پروگرام ہوں گے۔

رائٹرز کے مطابق ٹرمپ نے کہا ’’میں بہت جلد Truth Social پر اپنا پہلا سچ بھیجنے کے لیے پرجوش ہوں۔ TMTG [ٹرمپ میڈیا اینڈ ٹیکنالوجی گروپ] سب کو آواز دینے کے مشن کے ساتھ قائم کیا گیا تھا۔ میں جلد ہی Truth Social پر اپنے خیالات کا اشتراک شروع کرنے اور بگ ٹیک کے خلاف لڑنے کے لیے پرجوش ہوں۔‘‘