دہلی فسادات: سی اے اے مخالف احتجاج سیکولر تھا لیکن چارج شیٹ فرقہ وارانہ ہے، عمر خالد کے وکیل نے عدالت میں کہا

نئی دہلی، نومبر 2: کارکن عمر خالد کے وکیل نے منگل کو دہلی کی ایک عدالت کو بتایا کہ شہریت ترمیمی قانون کے خلاف شہر میں ہونے والا احتجاج سیکولر نوعیت کا تھا، لیکن ان کے خلاف دائر کی گئی چارج شیٹ فرقہ وارانہ تھی۔

لائیو لاء کے مطابق سینئر ایڈووکیٹ تردیپ پیس نے دہلی فسادات سے متعلق کیس میں خالد کی ضمانت کی عرضی کی سماعت کے دوران یہ بات کہی۔

عمر خالد پر جامعہ ملیہ اسلامیہ کے میران حیدر اور صفورا زرگر کے ساتھ غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

اپنی پہلی ایف آئی آر میں پولیس نے الزام لگایا تھا کہ خالد نے دو احتجاجی مقامات پر اشتعال انگیز تقاریر کیں اور دہلی کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ ہندوستان کے دوران سڑکوں پر مظاہرے کریں۔ دہلی تشدد ٹرمپ کے دورے کے ساتھ ہی ہوا تھا۔

ایف آئی آر میں کہا گیا تھا کہ خالد کا مقصد ’’عالمی سطح پر پروپیگنڈا‘‘ پھیلانا تھا کہ ہندوستان میں اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک کیا جا رہا ہے۔

آج کی سماعت میں پیس نے دعویٰ کیا کہ شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج سیکولر تھا اور اس میں مختلف شعبوں کی کئی نامور شخصیات نے شرکت کی۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ چارج شیٹ میں کسی بھی گواہ نے یہ نہیں کہا ہے کہ خالد جامعہ ملیہ اسلامیہ میں موجود تھا، ان جگہوں میں سے ایک جہاں پولیس کا دعویٰ ہے کہ خالد نے ایک تقریر کی تھی جس سے تشدد ہوا تھا۔

کیس کی اگلی سماعت 8 نومبر کو جاری رہے گی۔

12 اکتوبر کو کیس کی پہلے کی سماعت میں، خالد نے پوچھا تھا کہ کیا مسلم طلبا کا واٹس ایپ گروپ بنانا دہشت گردی کے مترادف ہے؟

انھوں نے مزید کہا کہ یہ ظاہر کرنے کے لیے کوئی گواہ نہیں ہے کہ اس نے واٹس ایپ گروپ بنایا تھا۔ پیس نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ چارج شیٹ میں بیان کردہ گواہوں کے بیانات ’’تیار شدہ‘‘ ہیں۔