ددہلی میونسپل کارپویشن کو آج بھی نہیں ملامیئر، ایوان کی کارروائی ہنگامہ آرائی کے بعد ملتوی

اس سے قبل 6 جنوری اور 24 جنوری کو تاریخ طے کی گئی تھی، لیکن الیکشن کے دوران بی جے پی اور اے اے پی کے کونسلروں کے درمیان ہنگامہ آرائی کی وجہ سے دونوں مرتبہ انتخاب نہیں ہو سکااور آج بھی بغیر کسی نتیجہ کے کارروائی ملتوی کر دی گئی

نئی دہلی،06فروری :۔
دہلی میونسپل کارپوریشن کے میئر اور ڈپٹی میئر کا انتخاب آج بھی نہیں ہو سکا۔ ہنگامہ آرائی کے بعد ایوان کی کارروائی دوبارہ ملتوی کر دی گئی۔ آج، ایم سی ڈی اجلاس کے آغاز پر، پروٹیم اسپیکر ستیہ شرما نے اعلان کیا کہ نامزد کونسلر بھی ایم سی ڈی کے میئر، ڈپٹی میئر، اسٹینڈنگ کمیٹی کے ارکان کے انتخاب میں ووٹ ڈالیں گے۔ جس پر عام آدمی پارٹی نے اعتراض کیا۔ اسی دوران بی جے پی کی طرف سے نعرے لگنے لگے۔
وہیں اے اے پی کونسلروں نے ایم سی ڈی کے پریزائیڈنگ افسر کو ایک خط لکھا تھا، جس میں نامزد کونسلروں کو میئر کے انتخاب سے باہر رکھنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ ان کے مطابق – نامزد کونسلرز کو آئین میں ووٹ دینے کا حق نہیں ہے۔
قبل ازیں دہلی کے ڈپٹی سی ایم منیش سسودیا نے میئر کے انتخاب کی کارروائی سے پہلے بڑا دعویٰ کیاتھا ۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا اور لکھا تھا”بی جے پی نے اپنے کونسلروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ آج دوبارہ ایم سی ڈی میٹنگ میں میئر کے انتخاب کی اجازت نہ دیں ۔دہلی کے ڈپٹی سی ایم منیش سسودیا نے دعویٰ کیاتھا کہ ‘بی جے پی کونسلروں کو کہا گیا ہے کہ وہ ایوان شروع ہوتے ہی کسی نہ کسی بہانے ہنگامہ کریں۔ پریزائیڈنگ آفیسر پچھلی بار کی طرح ایوان کی کارروائی دوبارہ ملتوی کر دے گا۔ ایل جی پھر 20 دن بعد دوبارہ تاریخ دیں گے۔
واضح رہے کہ آج سے پہلے دہلی کے میئر کے انتخاب کے لیے 6 جنوری اور 24 جنوری کو تاریخ طے کی گئی تھی، لیکن الیکشن کے دوران بی جے پی اور اے اے پی کے کونسلروں کے درمیان ہنگامہ آرائی کی وجہ سے یہ انتخاب نہیں ہو سکا۔ 6 جنوری کو عام آدمی پارٹی کے کونسلروں نے نامزد کونسلروں کو پہلے حلف دلائے جانے پر سوالات اٹھائے، جس کے بعد ہنگامہ آرائی کے پیش نظر انتخابات کو ملتوی کر دیا گیا۔