دہلی میں بی جے پی نے مغل دور کے ناموں والی چھ سڑکوں کا نام تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا
نئی دہلی، مئی 10: بھارتیہ جنتا پارٹی کی دہلی یونٹ نے منگل کو نئی دہلی میونسپل کونسل کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ ’’مغل دور کی غلامی کی علامت‘‘ والی پانچ سڑکوں کے نام تبدیل کیے جائیں۔
دہلی بی جے پی یونٹ کے سربراہ آدیش گپتا نے شہری ادارے سے تغلق روڈ، اکبر روڈ، اورنگزیب لین، ہمایوں روڈ، شاہجہاں روڈ اور بابر لین کا نام تبدیل کرنے کو کہا۔
انھوں نے مشورہ دیا ہے کہ سڑکوں کا نام سکھ مبلغ گرو گوبند سنگھ، ہندو حکمران مہارانا پرتاپ، سابق صدر اے پی جے عبدالکلام، سنسکرت شاعر والمیکی، سابق چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت اور آزادی پسند کھدی رام بوس کے نام پر رکھا جائے۔
گپتا نے منگل کی صبح ایک پریس کانفرنس میں کہا ’’یہ مناسب ہوگا کہ ہندوستان کے عظیم فرزندوں کی یاد منائی جائے اور ملک کی آزادی کے 75ویں سال پر غلامی کی ذہنیت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے۔‘‘
نئی دہلی میونسپل کونسل، جو وسطی دہلی میں شہری سہولیات کی انچارج ہے، کے پاس علاقے کی سڑکوں کا نام تبدیل کرنے کا اختیار ہے۔ شہری ادارے کے قواعد یہ کہتے ہیں کہ نام تبدیل کرنے کی مشق میں تاریخ، جذبات اور کیا کسی شخصیت کو اس انداز میں تسلیم کرنے کی ضرورت ہے، اس کو مدنظر رکھنا چاہیے۔
تاہم قواعد یہ بھی بتاتے ہیں کہ نام بدلنا ایک استثنا ہونا چاہیے۔
پچھلے مہینے گپتا نے دہلی کے 40 دیہاتوں کی فہرست ’’مغل دور کے ناموں‘‘ کے ساتھ عام آدمی پارٹی حکومت کو بھیجی تھی اور زور دیا تھا کہ ان کا نام آزادی پسندوں اور فنکاروں کے نام پر رکھا جائے۔
دریں اثنا منگل کو کئی ہندوتوا تنظیموں کے اراکین نے دہلی کے قطب مینار کے قریب ایک مظاہرہ کیا، جس میں مطالبہ کیا گیا کہ مینار کا نام ہندو دیوتا کے نام پر ’’وشنو استمبھ‘‘ رکھا جائے۔
دوپہر ایک بجے کے قریب مظاہرے شروع ہونے کے فوراً بعد پولیس نے بھگوا جھنڈے اٹھائے ہوئے ’’جے شری رام‘‘ کے نعرے لگانے والے مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔ دی انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق بی جے پی لیڈر جے بھگوان گوئل نے صحافیوں کو بتایا کہ انھیں صبح سے ہی گھر میں نظر بند رکھا گیا ہے۔
انھوں نے دعویٰ کیا ’’ہم نے قطب مینار پر ہنومان چالیسہ پڑھنے کی کال دی تھی اور مطالبہ کیا تھا کہ اسے وشنو استمبھ قرار دیا جائے کیوں کہ یہ 27 مندروں کو توڑ کر بنایا گیا تھا۔‘‘