دہلی: بی جے پی اور عام آدمی پارٹی نے ایک دوسرے پر کونسلروں کو رخ بدلنے کے لیے راغب کرنے کی کوشش کرنے کا الزام لگایا
نئی دہلی، دسمبر 10: عام آدمی پارٹی اور بھارتیہ جنتا پارٹی نے ہفتہ کے روز ایک دوسرے پر نو منتخب کونسلروں کو پارٹی بدلنے کے لیے تیار کرنے کی کوشش کرنے کا الزام لگایا۔
عام آدمی پارٹی نے ایم پی سنجے سنگھ کی قیادت میں ایک پریس کانفرنس میں یہ الزامات لگائے جن کے ساتھ پارٹی کے تین کونسلرز – روناکشی شرما، ارون نواریا اور جیوتی رانی تھے۔
7 دسمبر کو دہلی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں عام آدمی پارٹی نے 250 وارڈوں میں سے 134 پر کامیابی حاصل کی۔ بی جے پی، جس نے گزشتہ 15 سالوں سے شہری ادارے پر حکومت کی تھی، 104 سیٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔
سنیچر کو سنگھ نے الزام لگایا کہ بی جے پی پچھلے انتخابات کے مقابلے میں 80 سیٹیں ہارنے کے باوجود ’’گندی چالوں‘‘ کا سہارا لے رہی ہے۔ راجیہ سبھا ایم پی نے دعویٰ کیا کہ یوگیندر نامی شخص نے شرما کو فون کیا تھا اور کہا تھا کہ بی جے پی کی دہلی یونٹ کے سربراہ آدیش گپتا ان سے بات کریں گے۔
سنگھ نے دعویٰ کیا ’’آدیش گپتا جی اور بی جے پی لیڈر 10 کونسلروں کو خریدنے کے لیے 100 کروڑ کے بجٹ کی بات کر رہے تھے۔‘‘
انھوں نے دہلی پولیس کمشنر سے الزامات کی تحقیقات کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ’’بی جے پی وہی ہتھکنڈہ استعمال کر رہی ہے جو اس نے مہاراشٹر، اروناچل پردیش، اتراکھنڈ، مدھیہ پردیش، کرناٹک، گوا اور گجرات میں استعمال کیا۔‘‘
سنگھ نے یہ بھی پوچھا کہ ’’بی جے پی دہلی میں میئر کے عہدے کے بارے میں کیسے بات کر سکتی ہے، جب اس نے AAP سے 30 وارڈ کم جیتے ہیں۔ کیا ملک میں عوامی مینڈیٹ اور جمہوریت کا کوئی مطلب باقی رہ گیا ہے؟‘‘
انھوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی ایک ’’اغوا کرنے والے گروہ‘‘ میں تبدیل ہو گئی ہے۔
پہلے دن میں بی جے پی نے بھی AAP پر اپنے کونسلروں کو خریدنے کی کوشش کرنے کا الزام لگایا تھا۔ پارٹی لیڈر ہریش کھرانہ نے الزام لگایا کہ ’’کیجریوال کی ایجنٹ شیکھا گرگ کونسلروں کو عام آدمی پارٹی میں شامل ہونے کی ترغیب دے رہی تھی۔
بی جے پی کے نائب صدر بائی جینت جے پانڈا نے الزام لگایا کہ ایک کونسلر مونیکا پنت کو AAP میں شامل کرنے کی کوشش کی گئی۔
انھوں نے کہا ’’ایک پارٹی جو ’ایماندار’ ہونے کا دعوی کرتی ہے، آج پوری طرح سے بے نقاب ہو رہی ہے۔ ہماری نو منتخب کونسلر ڈاکٹر مونیکا پنت کو AAP کی حمایت پر آمادہ کرنے کی کوشش، اروند کیجریوال جی اور ان کی ٹیم کے بدعنوانی کے بہت سے طریقوں میں سے ایک ہے۔‘‘