سمندری طوفان ’گلاب‘: آندھرا پردیش اور اوڈیشہ میں تین افراد ہلاک، ایک ماہی گیر لاپتہ
نئی دہلی، ستمبر 27: ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق آندھرا پردیش اور اوڈیشہ میں اتوار کے روز تین افراد ہلاک ہوئے جب سمندری طوفان ’گلاب‘ نے دونوں ریاستوں کے ساحلی علاقوں کو نشانہ بنایا۔
آندھرا پردیش کے ضلع سریکا کولم میں دو ماہی گیروں کی موت ہوئی جب کہ ایک شخص اوڈیشہ کے گنجم ضلع میں ہلاک ہوا۔ خبر کے مطابق ماہی گیر مبینہ طور پر منڈاسا کے ساحل سے اپنی کشتی سے گرنے کے بعد ہلاک ہوگئے۔ اخبار نے حکام کے حوالے سے بتایا کہ ایک ماہی گیر ابھی تک لاپتہ ہے۔
آندھرا پردیش کے ضلع سری یکاکولم میں کلنگاپٹنم قصبے سے 20 کلومیٹر شمال میں سمندری طوفان آیا۔
پی ٹی آئی نے انڈیا کے محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار کے حوالے سے بتایا کہ میڈو گوڈا اور ٹوکالی دیہات میں یہ حادثہ پیش آیا۔ لینڈ فال کے دوران سمندری طوفان کی رفتار 90 کلومیٹر فی گھنٹہ بتائی گئی۔
طوفان نے آندھرا پردیش میں بعض مقامات پر بڑے درخت اور بجلی کے کھمبے اکھاڑ دیے۔ وشاکھا پٹنم شہر میں موسلا دھار بارش ہوئی اورتیز ہوائیں چلیں۔
دی نیو انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق سمندری طوفان نے اوڈیشہ کے جے پور، کوراپوٹ، کوٹ پیڈ اور سنابیدا اضلاع میں عام زندگی کو بھی متاثر کیا، کیوں کہ آئی ایم ڈی نے طوفان کی وجہ سے ریڈ الرٹ وارننگ جاری کی تھی۔ بازار ویران تھے اور لوگ گھروں کے اندر رہے۔
ریاستی حکومت نے نچلے علاقوں میں رہنے والے لوگوں کے انخلا کے لیے 14 بلاکس اور چار شہری لوکل باڈیز میں 124 سائیکلون شیلٹر کھولے۔ ضلع ملکانگیری میں انتظامیہ نے 6،200 افراد کو عارضی سیلاب پناہ گاہوں میں منتقل کیا۔ اس نے ضلع کے سات بلاک ہیڈ کوارٹرز میں ایمرجنسی کنٹرول روم بھی کھولے۔
سوشل میڈیا پر دکھائی جانے والی تصاویر میں ملکانگیری ضلع میں درخت اکھڑ گئے۔
آئی ایم ڈی نے پیر کی صبح کہا کہ سائیکلون گلاب صبح 2.30 بجے ایک ڈیپ ڈپریشن میں کمزور ہو گیا۔ ایجنسی نے بعد کی اپ ڈیٹ میں کہا کہ ڈیپ ڈپریشن مزید ڈپریشن میں کمزور ہونے کا امکان ہے اور اگلے 12 گھنٹوں میں اس کے مغرب کی طرف بڑھنے کا امکان ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس نے اوڈیشہ میں 13 اور آندھرا پردیش میں پانچ ٹیمیں تعینات کی ہیں۔
پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق 100 سے زائد فائر بریگیڈ ٹیمیں اور اوڈیشہ ڈیزاسٹر ریپڈ ایکشن فورس کی 42 ٹیمیں بھی گجا پتی، گنجم، کوراپوٹ، رائے گڑھ، نبرنگ پور، ملکانگیری اور کندھاما اضلاع میں بھیجی گئی ہیں۔
ایسٹ کوسٹ ریلوے کی جانب سے جاری کردہ بلیٹن کے مطابق موسم کی وارننگ کی وجہ سے چونتیس ٹرینیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔