کورونا وائرس: اس ماہ دوسری بار ایک دن میں 4 لاکھ نئے کیسز درج، ریکارڈ 3،980 اموات
نئی دہلی، مئی 6: گذشتہ ایک دن میں ملک بھر میں ایک بار پھر کورونا وائرس کے 4 لاکھ سے زیادہ نئے کیسز ریکارڈ ہوئے ہیں۔ گذشتہ ایک دن میں ملک بھر میں 4،12،262 نئے کورونا وائرس کیس درج ہوئے۔ ملک میں اب تک متاثرین ہونے والوں کی مجموعی تعداد اس اضافے کے ساتھ 2،10،77،410 ہوگئی ہے۔ یکم مئی کے بعد یہ دوسرا موقع ہے جب ایک دن میں متاثرین کی تعداد میں 4 لاکھ سے زیادہ کا اضافہ ہوا ہے۔
دریں اثنا ایک ہی دن میں 3،980 مزید ہلاکتوں کے ساتھ اموات کی مجموعی تعداد بھی بڑھ کر 23،01،68 تک جاپہنچی ہے۔ یہ اب تک ایک دن میں اموات کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
ملک میں فی الوقت 35،66،398 فعال کیسز ہیں اور 1،72،80،844 افراد اس انفیکشن سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔
دریں اثنا مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی اور ان کے کیرالہ کے ہم منصب پنارائی وجین نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھا اور ریاستوں کو زیادہ سے زیادہ میڈیکل آکسیجن اور ویکسین مختص کرنے کی اپیل کی، کیوں کہ کوویڈ 19 انفیکشن اور اموات تشویشناک تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔
جان ہاپکنز یونی ورسٹی کے مطابق دسمبر 2019 میں وبائی امراض پھیلنے کے بعد عالمی سطح پر کورونا وائرس نے اب 15.47 کروڑ افراد کو متاثر کیا ہے اور 32.37 لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔