آکسیجن کی قلت: دہلی کے بترا اسپتال میں آکسیجن ختم ہونے کے سبب ایک ڈاکٹر سمیت آٹھ مریضوں کی موت
نئی دہلی، یکم مئی: ٹائمز آف انڈیا کے مطابق پرائیوٹ فیکلٹی میں آکسیجن کی فراہمی ختم ہونے کے سبب آج دوپہر دہلی کے بترا اسپتال میں ایک ڈاکٹر سمیت کم از کم آٹھ مریضوں کی موت ہوگئی۔ اس واقعے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر ایس سی ایل گپتا نے اس واقعے کی تصدیق کی اور کہا کہ پرائیوٹ وارڈ کے محکمہ gastroenterology کے سربراہ بھی ہلاک ہونے والوں میں شامل ہیں۔
گپتا نے کہا ’’یہ شرم کی بات ہے کہ ملک کے دارالحکومت میں آکسیجن کی کمی کی وجہ سے لوگ مر رہے ہیں۔ دوسرے مقامات کی حالت زار کا تو صرف تصور ہی کیا جاسکتا ہے۔‘‘
کورونا وائرس وبائی صورت حال پر سماعت کے دوران بترا اسپتال نے دہلی ہائی کورٹ کو بتایا کہ دن میں ڈیڑھ بجے 80 منٹ تک اس کے پاس آکسیجن نہیں تھی۔
8 dead at Batra hospital after oxygen supply reaches late. 6 of them were on ICU on high flow Oxygen. Among those who died is a doctor of the hospital from the gastro Dept. Dr. SCL Gupta, Medical Director, Batra speaking about the incident 👇🏾@TOIDelhi pic.twitter.com/GqFJpaY0bl
— Sakshi Chand (@sakshichand8TOI) May 1, 2021
این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق ایک بجے کے قریب ایک ویڈیو پیغام میں بترا اسپتال کے ایگزیکیٹو ڈائریکٹر سدھانشو بنکاٹا نے بتایا کہ ان کے پاس جان بچانے والی گیس ختم ہوگئی ہے۔ انھوں نے مزید کہا تھا ’’فی الحال ہم کچھ آکسیجن سلنڈروں پر زندہ رہ رہے ہیں، لیکن اگلے 10 منٹ میں یہ بھی ختم ہوجائے گا۔ دہلی حکومت ہماری مدد کرنے کی کوشش کر رہی ہے، لیکن مجھے یقین ہے کہ ان کا ٹینکر ہمارے اسپتال سے بہت دور ہے۔‘‘
اس کے فوراً بعد ہی عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے راگھو چاڈھا نے ٹویٹ کرکے یقین دہانی کرائی کہ آکسیجن ٹینکر اسپتال میں پانچ منٹ کے اندر پہنچ رہا ہے۔
دریں اثنا دہلی ہائی کورٹ نے کہا کہ اسپتالوں کو اپنے تجربات سے سبق سیکھنا چاہیے اور خود آکسیجن پلانٹس لگانے چاہئیں۔ ایک اور اسپتال این کے ایس سپر اسپیشلٹی اسپتال کے ذریعے آکسیجن کی قلت کا مسئلہ اٹھانے کے بعد جسٹس وپن سنگھی اور جسٹس ریکھا پلی کے بنچ نے یہ مشاہدہ کیا۔
یہ واقعہ اس بات کے ایک دن بعد پیش آیا ہے جب سپریم کورٹ کی جانب سے مرکز اور دہلی حکومت کے درمیان میڈیکل آکسیجن اور دیگر سہولیات کی فراہمی سے متعلق ’’سیاسی جھگڑے‘‘ کے خلاف متنبہ کیا گیا تھا۔ عدالت نے یہ تبصرہ تب کیا تھا جب سینٹر کی نمائندگی کرنے والے سالیسیٹر جنرل تشار مہتا نے یہ دعوی کیا کہ آکسیجن کی کوئی کمی نہیں ہے۔
اس سے قبل 24 اپریل کو جے پور گولڈن اسپتال میں آکسیجن ختم ہونے کے بعد دہلی میں کم از کم 20 کورونا وائرس مریضوں کی موت ہوگئی تھی۔ ایک دن پہلے ہی شہر کے سر گنگا رام اسپتال میں 25 کورونا وائرس کے مریضوں نے آکسیجن کی کمی کے سبب دم توڑ دیا۔ اس طرح کے المناک واقعات ملک کے کئی دیگر حصوں میں بھی سامنے آئے ہیں۔
دریں اثنا آج ہندوستان ایک دن میں چار لاکھ سے زیادہ کورونا وائرس کیسز ریکارڈ کرنے والا پہلا ملک بن گیا، جب ملک میں گذشتہ ایک دن میں 4،01،993 معاملات سامنے آئے۔ ملک میں انفیکشن کی مجموعی تعداد 1،91،64،969 ہوگئی ہے، جب کہ گذشتہ ایک دن میں 3،523 مزید اموات کے ساتھ ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 2،11،853 ہوگئی ہے۔