کورونا وائرس: دہلی حکومت نے پیر کے روز سے آڈیٹوریم اور اسمبلی ہال کھولنے کی اجازت دی
نئی دہلی، جولائی 11: دہلی حکومت نے پیر سے تعلیمی تربیت گاہوں اور اسکولوں میں اسمبلی ہال اور آڈیٹوریم اجلاسوں کے لیے پچاس فیصد صلاحیت کے ساتھ کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔ تاہم طلبا کے لیے ابھی کلاسیں شروع ہونا باقی ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق حکومت نے کہا ’’تعلیمی اداروں میں صرف اساتذہ اور پروفیسرز کو ہی آن لائن لیکچرز اور دیگر انتظامی کاموں کے لیے جانے کی اجازت دی جائے گی۔ دہلی پولیس اور فوج کے اہلکار بغیر اجازت کے طلبا کی مہارت کی تربیت کی کلاسوں میں جا سکتے ہیں۔‘‘
دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے جاری کردہ نئے رہنما خطوط کے مطابق سنیما ہال، تھیٹر، اسپا، سوئمنگ پول اور تفریحی پارکس ابھی بھی بند رہیں گے۔ سماجی، سیاسی، ثقافتی، مذہبی اور اس طرح کے دیگر اجتماعات پر بھی پابندی برقرار ہے۔ یہ حکم نامہ 26 جولائی تک نافذ العمل ہوگا۔
ہدایات میں کہا گیا ہے کہ دہلی میٹرو اور پبلک ٹرانسپورٹ بسیں 50 فیصد بیٹھنے کی گنجائش کے ساتھ کام کرتی رہیں گی۔
گذشتہ ہفتے دہلی حکومت نے شہر میں اسٹیڈیم اور اسپورٹس کمپلیکسز کو تماشائیوں کے بغیر دوبارہ کھولنے کی اجازت دی تھی۔
دہلی 19 اپریل سے 30 مئی کے درمیان مکمل طور پر لاک ڈاؤن کی زد میں تھا۔ 31 مئی سے حکام نے مرحلہ وار پابندیوں میں نرمی لائی ہی۔
دریں اثنا دہلی میں گذشتہ روز کورونا وائرس کے 76 نئے کیسز ریکارڈ ہوئے اور ایک موت ہوئی۔ دہلی میں اب مثبت شرح 0.1 فیصد تک کم ہوگئی ہے۔
پچھلے مہینے ڈی ڈی ایم اے نے جم اور یوگا انسٹی ٹیوٹس کو نصف صلاحیت پر کام کرنے کی اجازت دی تھی۔ 7 جون کو مارکیٹوں، مالز اور دہلی میٹرو خدمات کو 50 فیصد صلاحیت کے ساتھ کام کرنے کی اجازت دی گئی۔ 14 جون سے 50 فیصد کی پابندی مارکیٹوں اور مالز کے لیے ہٹا دی گئی۔