دہلی کے وزیر اعلی نے 45 سال یا اس سے زیادہ عمر کے شہریوں کو ان کے پولنگ مراکز پر ویکسین دینے کا اعلان کیا
نئی دہلی، جون 7: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے آج اعلان کیا ہے کہ 45 سال یا اس سے زیادہ عمر کے شہری اپنے حلقے کے پولنگ اسٹیشنوں پر کورونا وائرس ویکسین لے سکتے ہیں۔
ایک پریس بریفنگ میں کیجریوال نے کہا کہ دہلی حکومت نے ایک ماہ کے اندر 45 سال اور اس سے اوپر کے تمام شہریوں کو ٹیکہ لگانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ قومی دارالحکومت میں 57 لاکھ شہری ایسے ہیں جن کی عمر 45 سال اور اس سے زیادہ ہے اور ان میں سے 27 لاکھ نے اپنی پہلی خوراک وصول کر لی ہے۔
کووڈ 19 ویکسینیشن مراکز میں کمی کا حوالہ دیتے ہوئے کیجریوال نے کہا کہ دہلی حکومت بوتھ سطح کے افسران کو شہریوں کو مطلع کرنے کے لیے بھرتی کرے گی کہ وہ اپنے نامزد پولنگ اسٹیشنوں پر ویکسین لے سکیں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا ’’پولنگ اسٹیشنز (شہریوں کے) گھروں کے بہت قریب ہیں اور وہ وہاں آسانی سے ٹیکہ لگوانے کے لیے جاسکتے ہیں۔‘‘ وزیر اعلی نے مزید کہا کہ دہلی حکومت نے رہائشیوں کی آمد و رفت کے لیے ای رکشہ کے انتظامات بھی کر رکھے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ دہلی میں 272 وارڈز ہیں اور ان کی حکومت ہر ہفتے 70 وارڈوں کا احاطہ کرے گی۔ انھوں نے کہا ’’لہذا آج جہاں یہ پروگرام پہلے 70 وارڈوں میں شروع ہورہا ہے، وہاں کے بوتھ لیول کے افسران کو تربیت دی جارہی ہے۔ بوتھ لیول کے یہ افسران اپنے علاقوں میں ہر گھر جائیں گے اور پوچھیں گے کہ 45 سال سے زیادہ عمر والے کون ہیں اور آیا انھوں نے ویکسین لی ہے یا نہیں۔‘‘
کیجریوال نے کہا کہ اگر شہریوں کو ویکسین نہیں ملی ہوگی تو پولنگ افسران ان کے لیے ایک سلاٹ بک کریں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’بوتھ سطح کے افسران ان لوگوں کو راضی کرنے کی بھی کوشش کریں گے جو ٹیکے لگانے سے انکار کرتے ہیں۔‘‘
بوتھ سطح کے افسران کے ساتھ سول ڈیفنس رضاکاروں پر مشتمل ٹیم بھی ہوگی۔ کیجریوال نے کہا کہ یہ ٹیمیں ایک بار پھر یہ دیکھنے کے لیے جائیں گی کہ رہائشیوں نے شاٹ لیا ہے یا نہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ویکسین کی دوسری شاٹ مرکز کے رہنما خطوط کے مطابق دی جائے گی۔
انھوں نے مزید کہا کہ ویکسین کی کافی مقدار حاصل ہونے پر 18-44 عمر گروپ کے لیے بھی یہی پروگرام کیا جائے گا۔ معلوم ہو کہ دہلی نے ویکسینوں کی قلت کا حوالہ دیتے ہوئے 18-44 عمر گروپ کے لیے ویکسینیشن پروگرام کو معطل کردیا ہے۔