کانگریس جناح کے راستے پر چل رہی ہے، لوگ اسے قبول نہیں کریں گے: شیوراج سنگھ چوہان

مدھیہ پردیش، مارچ 15: اے این آئی کے مطابق مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے آج دعوی کیا ہے کہ کانگریس مہاتما گاندھی کے بجائے پاکستان کے بانی محمد علی جناح کے راستے پر چل رہی ہے۔

انھوں نے یہ تبصرہ مغربی بنگال، آسام اور کیرالہ میں اسمبلی انتخابات میں کانگریس پارٹی کے اتحادیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کیا۔

چوہان نے آسام میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’’کانگریس مہاتما گاندھی کے راستے پر نہیں چل رہی ہے۔ راہل گاندھی مہاتما گاندھی کے دکھائے ہوئے راستے پر نہیں چل رہے ہیں۔ وہ جناح کے راستے پر چل رہے ہیں۔ نہ آسام کے عوام اور نہ ہی ہندوستان کے لوگ جناح کے راستے کو قبول کریں گے۔‘‘

چوہان نے مزید کہا کہ کانگریس نے بدرالدین اجمل کے ساتھ ہاتھ ملایا ہے، جنھوں نے ’’دراندازیوں کی حمایت کی اور آسام کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔‘‘

مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی نے مزید دعویٰ کیا کہ ’’اجمل ایک مسلم ملک بنانے کی بات کرتے ہیں۔ اجمل ایک ایسے آدمی ہیں جن کے ساتھ ہی ترون گوگوئی نے بھی ہاتھ نہیں ملایا تھا۔ یہ گوگوئی کی بھی توہین ہے۔‘‘

چوہان نے دعوی کیا کہ آسام کانگریس کی حکمرانی میں ترقی نہیں کرسکا۔ اے این آئی کے مطابق چوہان نے کہا ’’کانگریس نے آسام کو بھوک، بے روزگاری اور غربت دی۔ ان کی حکمرانی میں ریاست کی ترقی نہیں ہوئی۔ لیکن وزیر اعظم نریندر مودی اور سربانند سونووال کی قیادت میں آسام نے ترقی کی راہ پر گامزن ہونا شروع کیا۔‘‘

پی ٹی آئی کی خبر کے مطابق مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی نے راہل گاندھی پر ’’شمال-جنوب میں تفریق‘‘ پیدا کرنے کی کوشش کرنے کا بھی الزام لگایا۔ چوہان نے الزام لگایا کہ کانگریس مختلف قبائل اور برادریوں کے مابین اختلاف پیدا کرکے آسام میں بھی یہی سیاست کررہی ہے۔

معلوم ہو کہ گاندھی نے گذشتہ ماہ کیرالہ میں ہونے والے ایک پروگرام میں شمالی اور جنوبی ہندوستان میں سیاست کے مختلف ہونے کے بارے میں بات کی تھی۔