چیف جسٹس آف انڈیا ایس اے بوبڈے نے این وی رمن کو اپنا جانشین بنانے کی سفارش کی

نئی دہلی، مارچ 24: چیف جسٹس آف انڈیا ایس اے بوبڈے نے آج سپریم کورٹ کے جج این وی رمن کو اپنا جانشین بنانے کی سفارش کی۔ بوبڈے 23 اپریل کو ریٹائر ہونے والے ہیں اور جسٹس رمن عدالت کے دوسرے سینئر ترین جج ہیں۔

معلوم ہو کہ ریٹائرمنٹ سے قبل چیف جسٹس اپنے جانشین کے لیے ایک سفارش لکھتے ہیں۔

بوبڈے نے 18 نومبر 2019 کو ہندوستان کے 47 ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف لیا تھا، جب 63 سالہ رنجن گوگوئی، جو اب راجیہ سبھا کے ممبر ہیں، اس عہدے سے ریٹائر ہوئے تھے۔

لائیو لا ڈاٹ اِن کی خبر کے مطابق جسٹس رمن نے 17 فروری 2014 کو اپنا عہدہ سنبھالا تھا۔ ان کی مدت ملازمت 26 اگست 2022 کو ختم ہوگی۔ جسٹس رمن نے فروری 1983 میں آندھرا پردیش ہائی کورٹ میں وکیل کی حیثیت سے اندراج کیا تھا۔ انھوں نے مختلف سرکاری تنظیموں کے پینل وکیل کے طور پر بھی کام کیا ہے۔

جسٹس رمن نے مرکزی انتظامیہ کے لیے ایک اضافی قائمہ وکیل اور مرکزی انتظامیہ ٹریبونل، حیدرآباد میں ریلوے کے قائمہ وکیل کے طور پر بھی کام کیا۔ وہ آندھرا پردیش کے اضافی ایڈووکیٹ جنرل بھی تھے۔

27 جون 2000 کو انھیں آندھرا پردیش ہائی کورٹ کا مستقل جج مقرر کیا گیا۔ انھوں نے 10 مارچ 2013 سے 20 مئی 2013 تک آندھرا پردیش ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس کی حیثیت سے کام کیا۔ انھیں 2 ستمبر 2013 کو دہلی ہائی کورٹ کا چیف جسٹس بنا دیا گیا اور 2014 میں سپریم کورٹ میں بلا لیا گیا۔