چیف جسٹس این وی رمنا نے اپنے جانشین کے طور پر جسٹس ادے امیش للت کے نام کی سفارش کی
نئی دہلی، اگست 4: چیف جسٹس آف انڈیا این وی رمنا نے جمعرات کو اپنے جانشین کے طور پر جسٹس ادے امیش للت کے نام کی سفارش کی ہے۔
جسٹس للت، رمنا کے بعد سپریم کورٹ کے دوسرے سینئر ترین جج ہیں۔ اگر جسٹس للت کی تقرری ہوئی تو وہ ہندوستان کے 49ویں چیف جسٹس ہوں گے۔
رمنا 26 اگست کو ریٹائر ہو جائیں گے۔ مرکزی وزیر قانون کرن رجیجو نے بدھ کو رمنا سے اپنے جانشین کا نام پیش کرنے کو کہا تھا۔
جسٹس للت کو چیف جسٹس کے طور پر مختصر عرصہ دستیاب ہوگا کیوں کہ وہ 8 نومبر کو ریٹائر ہونے والے ہیں۔ ان کے بعد جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ ملک کے سب سے اعلیٰ ترین جج کا عہدہ سنبھالنے کے لیے قطار میں ہیں۔ اگر وہ چیف جسٹس بنتے ہیں تو ان کی مدت تقریباً دو سال ہوگی۔
لائیو لاء کے مطابق جسٹس للت کو 13 اگست 2014 کو سپریم کورٹ کا جج مقرر کیا گیا تھا۔ اس سے قبل وہ سپریم کورٹ میں سینئر وکیل تھے۔
22 اگست 2017 کو للت، سپریم کورٹ میں اس اکثریتی رائے کا حصہ تھے جس نے طلاق ثلاثہ کو ختم کیا اور اسے غیر آئینی قرار دیا۔ پانچ رکنی بنچ اس معاملے پر 3-2 سے منقسم ہو گئی تھی اور اکثریت کی رائے غالب آ گئی تھی۔
جنوری 2019 میں جج للت نے رام جنم بھومی-بابری مسجد کیس کی سماعت سے خود کو الگ کر لیا تھا، کیوں کہ اس سے قبل انھوں نے اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ کلیان سنگھ کی، مسجد کے انہدام سے متعلق توہین عدالت کے مقدمے میں نمائندگی کی تھی۔