مرکزی حکومت 2021 کے آخر تک تمام بالغوں کو ویکسین دینے کے قابل: مرکزی وزیر صحت

نئی دہلی، مئی 20: مرکز کا کہنا ہے کہ وہ 2021 کے آخر تک تمام بالغوں کو ویکسین دینے کے قابل ہے۔

نو ریاستوں کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس میں مرکزی وزیر صحت ہرش وردھن نے کہا کہ مرکزی حکومت اس پوزیشن میں ہوگی کہ اس سال کے آخر تک کم سے کم اپنے تمام بالغ شہریوں کو کورونا وائرس ویکسین دے سکے۔ وزیر صحت نے کہا کہ حکومت اس سلسلے میں ویکسین کی خریداری کر رہی ہے۔

انھوں نے کہا ’’اگست اور دسمبر 2021 کے درمیان بھارت میں 216 کروڑ ویکسین کی خوراکیں خریدی جاسکیں گی جب کہ رواں سال جولائی تک 51 کروڑ خوراکیں وصول کی جائیں گی۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ریاستوں کے پاس ابھی بھی ایک کروڑ ڈوز موجود ہیں۔

وزیر نے ریاستوں پر بھی زور دیا کہ وہ اپنے تمام صحت کے کارکنان اور فرنٹ لائن ورکرز کو مکمل ٹیکے لگائیں، کیوں کہ وہ سب ضروری کاموں میں مصروف ہیں۔

اس اجلاس میں شمال مشرقی ریاستوں اور مغربی بنگال کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ایک بیان میں وزارت صحت نے کہا کہ ان ریاستوں میں یومیہ بنیاد پر کورونا وائرس کے کیسز، اموات اور مثبت شرح میں اضافہ ظاہر ہو رہا ہے۔

وردھن نے کہا کہ اب چھوٹی ریاستیں بڑا اضافہ دیکھ رہی ہیں اور اس کے بارے میں محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے ریاستوں سے کہا کہ وہ صحت کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ بروقت جانچ میں اضافے پر بھی توجہ دیں۔ وزیر صحت نے کہا کہ اب مزید اینٹیجن ٹیسٹ کرائے جاسکتے ہیں تاکہ اموات کی شرح کو کم کیا جاسکے اور ریاستوں سے کہا کہ وہ شہری اور دیہی علاقوں پر توجہ دیں۔

دریں اثنا ملک میں گذشتہ ایک دن میں 2،67،334 نئے کورونا وائرس کیسز رجسٹر ہوئے اور 4,529 اموات کی اطلاع ملی۔