کمبھ میلے میں ہزاروں افراد کی موجودگی میں کوویڈ 19 کے رہنما خطوط نافذ کرنے سے بھگڈر مچ سکتی ہے: پولیس

اتراکھنڈ، اپریل 12: انسپکٹر جنرل سنجے گنجیال نے آج اے این آئی کو بتایا کہ اگر پولیس اتراکھنڈ کے ہریدوار میں کمبھ میلے کے دوران کوویڈ 19 کے رہنما خطوط کو نافذ کرنے کی کوشش کرے گی تو بھگدڑ مچ سکتی ہے۔ کمبھ میلہ ایسے وقت میں ہورہا ہے جب ملک میں روزانہ تقریباً ڈیڑھ لاکھ کیسز ریکارڈ ہورہے ہیں، لیکن لیکن لاکھوں عقیدت مند دریا میں نہانے کی رسم کے لیے جمع ہوئے ہیں۔

یکم اپریل سے 30 اپریل تک جاری رہنے والے کمبھ میلہ میں 10 لاکھ زائرین کے روزانہ آنے کی امید ہے۔ ممکن ہے کہ ’’شاہی اسنان‘‘ کے تین دن یعنی آج، 14 اپریل اور 27 اپریل کو یہ تعداد 50 لاکھ تک بڑھ جائے۔ ہزاروں عقیدت مند ہدایت نامے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گنگا کے کنارے جمع ہوئے اور دریا میں نہائے، جن میں بغیر ماسک کے لوگ بھی شامل تھے۔

کمبھ میلہ پولیس کنٹرول روم کا کہنا تھا کہ پیر کے روز دوپہر تک 21 لاکھ سے زیادہ افراد نے ”اسنان‘‘ میں شرکت کی ہے۔

پولیس افسر نے اے این آئی کو بتایا ’’ہم لوگوں سے کوویڈ 19 کے رہنما خطوط پر عمل کرنے کی مستقل اپیل کر رہے ہیں۔ لیکن بہت زیادہ ہجوم کی وجہ سے آج عملی طور پر چالان جاری کرنا ممکن نہیں ہے۔ گھاٹوں پر جسمانی دوری کو یقینی بنانا بھی بہت مشکل ہے۔‘‘

اے این آئی کے مطابق اتراکھنڈ کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ہریدوار) اشوک کمار نے کہا ’’ہم گھاٹوں کو خالی کرنے اور صاف کرنے کے لیے دو اکھاڑوں کے ’’اسنان‘‘ کے درمیان آدھے گھنٹے کے وقفے کا خیال رکھ رہے ہیں۔‘‘

آج صبح تک اتراکھنڈ میں کورونا وائرس کے 7،323 فعال معاملات تھے اور گذشتہ 24 گھنٹوں میں 1،082 نئے انفیکشن کی اطلاع ملی تھی۔ ریاست میں مزید آٹھ اموات کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 1،760 ہوگئی ہے۔