سی اے اے مخالف احتجاج: آسام کے ایم ایل اے اکھل گوگوئی کے خلاف یو اے پی اے کیس دوبارہ کھولا گیا
نئی دہلی، فروری 24: قومی تحقیقاتی ایجنسی کی عدالت نے جمعرات کو آسام کے ایم ایل اے اکھل گوگوئی اور ان کے تین ساتھیوں کے خلاف شہریت ترمیمی قانون کے خلاف دسمبر 2019 میں احتجاج کرنے پر غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کے تحت دائر کیس کو دوبارہ کھول دیا۔
یہ پیش رفت اس وقت ہوئی جب گوہاٹی ہائی کورٹ نے 9 فروری کو قومی تحقیقاتی ایجنسی کو اس معاملے میں چار ملزمین کے خلاف الزامات طے کرنے کی اجازت دی تھی۔ ہائی کورٹ نے یہ حکم اس وقت دیا تھا جب تحقیقاتی ایجنسی نے گوگوئی کے خلاف الزامات کو مسترد کرنے کے 2021 میں منظور کیے گئے این آئی اے عدالت کے حکم کو چیلنج کیا تھا۔
سبساگر حلقہ سے آزاد ایم ایل اے اور تین دیگر دھیرجیا کنور، مانس کنور، اور بٹو سونووال کے خلاف قومی تحقیقاتی ایجنسی نے 2019 میں غداری کے الزامات اور غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔
جمعرات کی سماعت میں گوگوئی کے وکیل نے خصوصی این آئی اے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ نے سیاست دان کو 24 فروری تک گرفتاری سے عبوری تحفظ فراہم کیا ہے۔ جس کے بعد خصوصی این آئی اے جج پرنجل داس نے سماعت ملتوی کر دی اور کیس کو 28 فروری کو سماعت کے لیے درج کیا.
منگل کو سپریم کورٹ نے قومی تفتیشی ایجنسی سے کہا تھا کہ وہ جمعہ تک گوگوئی کو حراست میں نہ لیں۔ سپریم کورٹ نے گوگوئی کی طرف سے 2021 کے ڈسچارج آرڈر کو ایک طرف رکھنے کے گوہاٹی ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر اپیل کے سلسلے میں قومی تحقیقاتی ایجنسی سے جواب بھی طلب کیا تھا۔
معلوم ہو کہ 12 دسمبر 2019 کو گوگوئی کو شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کے بعد احتیاطی حراست میں لیا گیا تھا۔ نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی نے کہا تھا کہ گوگوئی پر ’’قوم کے خلاف جنگ چھیڑنے‘‘، سازش اور فسادات بھڑکانے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ان کے خلاف تعزیرات ہند 1860 کی دفعہ 120B (مجرمانہ سازش)، 124A (غداری)، 153A (مختلف برادریوں کے درمیان دشمنی کو فروغ دینا) اور 153B (قومی یکجہتی کے لیے متعصبانہ الزامات لگانا) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
یکم جولائی 2021 کو گوگوئی کو ڈیڑھ سال بعد جیل سے رہا کیا گیا تھا، جب خصوصی عدالت نے نوٹ کیا کہ ان کی تقاریر تشدد پر اکسانے کے مترادف نہیں ہیں۔