آندھرا پردیش: وجیا نگرم میں دو ٹرینوں کا تصادم، کم از کم دس زخمی
نئی دہلی، اکتوبر 29: آندھرا پردیش کے وجیا نگرم ضلع میں اتوار کو دو ٹرینوں کے آپس میں ٹکرانے کے سبب کم از کم دس افراد زخمی ہو گئے۔
ان میں سے ایک ٹرین وشاکھاپٹنم سے رائے گڑھ جا رہی تھی جب کہ دوسری وشاکھاپٹنم سے پالاسا جا رہی تھی۔ ایک ٹرین دوسری ٹرین کے پچھلے حصے سے ٹکرا گئی۔
آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ جگن موہن ریڈی نے حکام سے کہا ہے کہ وہ وشاکھاپٹنم اور اناکاپلی کے قریبی اضلاع سے زیادہ سے زیادہ ایمبولینسیں وجیا نگرم بھیجیں۔
انھوں نے حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کے لیے فوری طبی امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
ڈویژنل ریلوے مینیجر کے دفتر نے بتایا کہ جائے حادثہ پر ریلیف ٹرینیں پہنچ چکی ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔